وزیراعلیٰ پنجاب سے پاکستان کسان اتحاد کے وفد کی ملاقات،مسائل کے حل پر اظہار تشکر،

کسان اتحاد کاآلو پر ایکسپورٹ ڈیوٹی ختم کرانے اورکسانوں کے دیگر مسائل حل کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین، شہبازشریف نے وعدے کے مطابق کسانوں کے مسائل حل کر کے ان کے دل جیت لیے ہیں،صدرپاکستان کسان اتحاد کاشتکارزرعی معیشت میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں ،حکومت کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 26 دسمبر 2014 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پرکسان اتحاد کی جانب سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا ۔کسان اتحاد نے آلو کی ایکسپورٹ پر ڈیوٹی ختم کرانے اوردیگر مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے وعدے کے مطابق کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے کسانوں کے دل جیت لیے ہیں ۔

صدر پاکستان کسان اتحاد خالدمحمود کھوکھر نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ذاتی دلچسپی لے کرہمارے مسائل حل کرائے ہیں جس پر کسان ان کے شکرگزار ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کسان اتحاد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔کاشتکارزرعی معیشت میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت زراعت کے فروغ اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے اقدامات کرتی رہے گی۔حکومت کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ زرعی معیشت کے فروغ اور شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے ۔کاشتکاروں کی فلاح کیلئے موثر اقدامات کیے گئے ہیں ۔صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید،ایم پی اے رانا ثناء اللہ،ایم این اے چوہدری افتخار نذیر،کسان اتحاد کے مرکزی عہدیداران،رضوان اقبال،میاں فاروق اوردیگر اس موقع پر موجود تھے ۔