ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر ضلع میں سرچ آپریشن جاری رہے گا،ڈی پی او بھکر

جمعہ 26 دسمبر 2014 21:46

بھکر ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر ضلع بھکر میں کیا جانے والا سرچ آپریشن جاری رہے گا۔سانحہ پشاورکے بعد ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پورے پنجاب میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے اسی تناظر میں بھکرمیں بھی اب تک قریباً10سرچ آپریشن کیے جا چکے ہیں اور مشکوک افرادکو حراست میں لیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار ڈی پی او بھکر شاکرحسین داوڑ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے بتایا کہ سانحہ پشاور کے بعد ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر پولیس اور حساس اداروں کا ضلع بھکر کے مختلف حساس علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پنجاب کو کے پی کے سے ملانے والے دریائی پتنوں پر بھی سرچ آپریشن کیا گیا ہے اور اب تک 16مشکوک افراد کو حراست میں لے ان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ برآمد کر کے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ ضلع کے داخلی وخارجی راستوں پر بھی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ بھی لائحہ عمل کے مطابق سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔