جماعت اسلامی سندھ کا تھر میں غدائی قلت سے معصوم بچوں کی مسلسل اموات اورقحط سالی کی صورتحال پر حکومتی غفلت پر 30دسمبر کو " تھربچاؤریلی" کا اعلان

جمعہ 26 دسمبر 2014 21:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) جماعت اسلامی سندھ نے تھر میں غذائی قلت کی وجہ سے معصوم بچوں کی مسلسل اموات اورقحط سالی کی صورتحال پر حکومتی غفلت پر 30دسمبر کوضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی میں" تھربچاؤریلی" کا اعلان کردیا ہے،جس سے سیاسی جرگہ کے سربراہ و امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق،صوبائی امیرڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی ودیگر خطاب کریں گے۔

سراج الحق تھر کے دورے کے موقع پرمٹھی ہسپتال کا دورہ،پینے کے پانی کے کنووں کا افتتاح اورقحط سے متاثرہ لوگوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کریں گے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے 30دسمبر کوتھربچاؤریلی سمیت سراج الحق کے دورہ تھرکے حوالے سے بدین وتھرپارکر کادورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اورامیر جماعت اسلامی کے دورہ کی کامیابی وبھرپور عوامی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رابط عوام تیز کرنے کی ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے صوبائی امیر نے کہا کہ سندھ حکومت تھرپارکر کے معاملے پرمسلسل اپنی غفلت کو چھپانے میں مصروف ہے۔غزائی قلت اورصحت کی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے تین ماہ میں تین سو بچوں کی اموات حکومتی بے حسی اورسانحہ پشاور سے کم نہیں ہے۔عوام کو صحت،تعلیم،روزگار سمیت بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر تھر واقعے پر سندھ حکومت مسلسل غفلت وبے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔تھر کے مظلوم عوام کو قحط سمیت موسم کے حالات پر بے یار ومددگارچھوڑنا افسوس ناک ہے۔حکومت صحت،تعلیم،صاف پانی اورروزگار سمیت مستقل بنیادوں پر تھر کے عوام کی داد رسی کرے۔