29دسمبرکو وفاقی چیمبر کے الیکشن میں سلیکشن کی روایت کا خاتمہ ہوجائے گا ، افتخار علی ملک ،

ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین آزادانہ طور پر عہدے داروں کا انتخاب کرسکیں گے،چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ

جمعہ 26 دسمبر 2014 21:01

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) 29دسمبرکو وفاقی چیمبر (ایف پی سی سی آئی) کے الیکشن میں سلیکشن کی روایت کا خاتمہ ہوجائے گا اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین آزادانہ طور پر عہدے داروں کا انتخاب کرسکیں گے۔ یہ بات وفاقی چیمبر میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے چیئرمین افتخار علی ملک نے تاجربرادری کو بھیجے گئے خط میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے ایف پی سی سی آئی میں ایک مخصوص گروپ کی اجارہ داری کو چیلنج کیا ہے جو وفاقی چیمبر میں سلیکشن کے ذریعہ اقتدار حاصل کرتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں ہمارے گروپ کو پزیرائی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایف پی سی سی آئی میں تمام چیمبرز آف کامرس اور ٹریڈ باڈیز کو اہمیت دی جائے گی اور ان کی مشاورت سے تجارت دوست ماحول پیدا کرنے کی غرض سے حکومت کو جامع تجاویز دی جائیں گی اور تجارت و صنعت کو درپیش مسائل حل کرائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ کسٹمز، درآمد و برآمد، ٹیکسوں سے متعلق پالیسیوں کو اہمیت دی جائے گی6 متعلقہ ماہرین کی مدد اور مشاورت سے ان پالیسیوں کا تجزیہ کر کے بہتری لانے کی غرض سے حکومت کو تجاویز دی جائیں گی جن پر عمل درآمد سے سرمایہ کاری اور صنعت سازی کو فروغ حاصل ہوگا۔ ایف پی سی سی آئی میں ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ سیل کی تطہیر کرکے اسے عالمی معیارات کے مطابق بنایا جائے گا۔

ایک تھنک ٹینک بھی تشکیل دیا جائے گا جو آر اینڈ ڈی سیل سے منسلک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یوبی جی کی کور کمیٹی کو ایک ایسا مربوط اور قابل عمل منصوبہ تشکیل دینا چاہیئے جس سے ملک کے پڑھے لکھے اور تجارت و صنعت سے وابستہ مختلف سیکٹرز کے نوجوان گروپ میں شمولیت اختیار کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کرسکیں۔ کور کمیٹی عالمی معیارات کے حامل اعلیٰ تعلیم نوجوانوں کی ٹیم تشکیل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی کے چیئرمین کو سارک چیمبر کی بلڈنگ کمیٹی کا سربراہ منتخب کیا گیا ہے، سال 2015میں سارک چیمبر کی بلڈنگ کی تعمیر شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یو نائیٹڈ بزنس گروپ حکومت کی اعانت کی غرض سے شیڈوبجٹ تیار کرے گا جو بجٹ کی خامیوں اور نقائص کو دور کرے گا تاکہ ریونیو نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی آمدنی میں اضافے کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے تا کہ خطیر مالی و سائل ریسرچ لائبریری، ٹریڈ پورٹل، سارک، چائنا ڈیسک، ڈبلیو ٹی او سیل، یورپی یونین بشمول جی ایس پی ڈیسک، ای سی او ڈیسک، ٹیکسٹائل اور غیر روایتی اشیاء کی برآمدات کے فروغ کا سیل، ایس ایم ای کے فروغ کا خصوصی سیل اور دیگر پروجیکٹس پر سرمایہ کاری کی جاسکے۔

انہوں نے ایف پی سی سی آئی کی سال 2014-15 کی ایگزیکٹیو کمیٹی اور جنرل باڈی کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ ایف پی سی سی آئی میں انقلابی تبدیلیاں لانے کی غرض سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔

متعلقہ عنوان :