اسلام آباد ، سر سید میموریل ہال میں آتشزدگی، سی ڈی اے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے فوری قابو پا لیا،

عمارت میں پھنسے ہوئے 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا

جمعہ 26 دسمبر 2014 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء ) اسلام آباد کے سیکٹر G-5 میں سر سید میموریل ہال میں لگنے والی آتشزدگی پر سی ڈی اے کے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے فوری کا روائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور عمارت میں پھنسے ہوئے 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا ۔ چےئر مین سی ڈی اے معروف افضل نے آتشزدگی پر بروقت قا بو پانے اور لوگوں کو بحفا ظت نکالنے پر عملے کی کار کردگی کو سراہا ۔

(جاری ہے)

سر سید میموریل ہال میں لگنے والی آگ کیفے ٹیریا سے شروع ہو کر کمروں تک پھیل گئی تا ہم آگ کی اطلاع ملنے پر سی ڈی اے کی آگ بجھانے والی گا ڑیاں چار منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ۔ یہ گاڑیاںG-5 میں سی ڈی اے کے فائر سٹیشن سے روانہ کی گئیں اور بعد ازاں کنونشن سینٹر سے بھی فائر ٹینڈر ز پہنچ گئے اور آگ بجھانے کا ااپریشن شروع کر دیا۔ اس آپریشن میں سی ڈی اے کے پانچ فائر ٹینڈر نے حصہ لیا جبکہ عمارت کے چاروں اطراف میں سی ڈی اے کے 68 میٹر بلنددو برانٹو( سکائی لفٹر) نے آگ کو بجھایا۔ ابتدائی طور آگ لگنے کی وجو ہات معلوم نہیں ہو سکی تاہم غا لب امکان ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔