مظلوم عوام کی خدمت کو فرض الٰہی سمجھ کر نبھانا چاہیے، علامہ امین شہیدی ،

مستحق و ستم زدہ لوگوں کی خدمات کی انجام دہی کیلئے خیرالعمل فاؤنڈیشن بہترین خدمات انجام دے رہی ہے، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم

جمعہ 26 دسمبر 2014 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء)مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہاہے کہ مظلوم عوام کی خدمت کو فرض الٰہی سمجھ کر نبھانا چاہیے، مستحق و ستم زدہ لوگوں کی خدمات کی انجام دہی کیلئے خیرالعمل فاؤنڈیشن بہترین خدمات انجام دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں بورڈآف گورنرز کے ممبران ناصر عباس شیرازی،علامہ احمد اقبال رضوی،علامہ مبارک موسوی،توصیف نقوی اور خیرالعمل فاؤنڈیشن کی سنٹرل کورکمیٹی کے ممبران نے شرکت کی ۔

خیر العمل فاؤنڈیشن کے چیئر مین نثارعلی فیضی نے اس موقع پر ادارے کی سالانہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے تکمیل اور زیر تعمیر منصوبوں کی تفصیلات بیان کیں اسکے علاوہ شعبہ جات کی جنرل پالیسیز منظوری کے لیے پیش ہوئیں جس کی اراکین نے بحث کے بعد منظور ی دی ۔

(جاری ہے)

بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکر ٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مظلوم ،مستحق اور ستم زدہ لوگوں کی خدمت عین عبادت ہے جس کی انجام دہی کے لیے ہمیں تمام وسائل اور توانا یئوں کو بروئے کار لانا ہو گا انہوں نے کہا قائد اعظم کے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تمام طبقات کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا مجلس وحدت مسلمین اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے میدان عمل میں کھڑی ہوئی ہے اور اپنے اس فرض کو الہی،مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھ کر ادا کر رہی ہے اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فاؤنڈیشن کی کارکردگی لائق تحسین ہے ۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکر ٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ ہمیں رفاہی منصوبوں کے ذریعے معاشرے میں الہی نقش کو اور بھی مضبوط کرنا ہو گا گلگت بلتستان میں خیرالعمل فاؤنڈیشن کے منصوبوں کی تکمیل سے عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مدد حاصل ہو گی ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکر ٹری تربیت علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا خیرالعمل فاؤنڈیشن کے تحت مکمل ہونے والی مساجد کو تبلیغاتی،تربیتی، فکری اور سماجی حوالے سے اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکر ٹری مالیات علامہ مبارک علی موسوی نے کہا کہ ہر منصوبے کی تعمیر کے بعد اسکی تنظیم بھی نہایت اہمیت کی حامل ہوتی ہے جیسے جسم بغیر روح کے کوئی حیثیت نہیں رکھتا ہمیں اپنے تکمیل شدہ منصوبوں سے الہی اہداف کے حصول کے لیے بھر پور استعفادہ کرنا ہو گا اور ہر سطح پر لوگوں کو اس میں شریک کرنا ہو گا ۔