مینار پاکستان اجتماع میں اعلان کردہ عوامی ایجنڈے پرعمل درآمد بارے جنوری میں عوام رابطوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا، شمس الرحمان سواتی

جمعہ 26 دسمبر 2014 20:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی جانب سے مینار پاکستان پر اجتماع عام میں اعلان کردہ عوامی ایجنڈے پرعمل درآمد کے حوالے سے جنوری میں بڑے پیمانے پر عوام سے رابطوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔اس ضمن میں عوامی رابطہ مہم کا شیڈول تیا ر کر لیا گیا ہے۔اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ۔

ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے گزشتہ روز ضلعی  زونل اور یوسی امراء کے مشترکہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر صوبہ پنجاب مولانا عبد الجلیل نقشبندی ضلعی جنرل سیکرٹری راجہ محمد جواد  نائب امیر ضلع محمد وقاص خان ناظم شعبہ تعلیم و تذکیرڈاکٹر عثمان ظفر ناظم شعبہ تنظیم حافظ احسان اللہ اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ جنوری 2015 ء میں یو سی سطح تک اجتماعات  فروری میں زونل تربیت گاہیں اور مارچ میں یوسی سطح تک کے تنظیمی دورے کیے جائیں گے۔انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھر پور انداز میں گلی  محلے اور دیہات و قصبات میں عوامی رابطہ مہم کو منظم کرکے نچلی سطح پر جماعت اسلامی کی تنظیمیں قائم کریں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے کامیاب اور تاریخی اجتماع نے ایک با پھر یہ بات ثابت کر دی ہے کہ عوام کی نظریں جماعت اسلامی کی طرف لگی ہوئی ہیں ۔

جماعت اسلامی ہی مستقبل کی متبادل قوت ہے۔موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کو عوام نے اچھی طرح سے آزما لیا ہے۔ملک اس وقت دوراہے پر کھڑا ہے۔ہر طرف مایوسی کا دور دورہ ہے۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ عوام اب امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا ساتھ دیں۔حقیقی انقلاب اور تبدیلی صرف اور صرف بے داغ  نڈر اور اللہ کا خوف رکھنے والی قیادت ہی لا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :