احتجاج کے دوران پی ٹی آئی لاہور کے نمایاں کارکردگی کے حامل پارٹی ورکرز کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ،

ٹاؤن صدور سے سفارشات طلب، غیر فعال عہدیداروں کی تبدیلی اور اہم اعلانات ہونگے‘ عبدالعلیم خان

جمعہ 26 دسمبر 2014 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء ) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے شہر کے ٹاؤن صدور سے 14اگست کے لانگ مار چ سے لیکر 15دسمبر کی شٹ ڈاؤن لاہور کی احتجاجی تحریک میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پارٹی ورکرز کی حوصلہ افزائی کیلئے سفارشات مانگ لی ہیں ۔اسی طرح شعبہ خواتین ،آئی ایس ایف ، یوتھ ،لائرز ،ٹیچرز ،ٹریڈرز اور دیگرشعبہ جات سے بھی ایسے کارکنوں کے نام مانگے گئے ہیں جنہوں نے اسلام آباد کے دھرنے ،مینار پاکستان کے جلسے اور 15دسمبر کے احتجاج میں بھر پور کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی لاہور کے کارکنوں نے نئی سیا سی تاریخ رقم کی ہے اور اس تحریک میں پارٹی نمایاں کارکنوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریگی اور ان کارکنوں کی عمران خان سے علیحدہ ملاقات کرانے کے علاوہ انہیں تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے پر بھی غور کیا جا ہا ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اچھی کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے علاوہ پارٹی کے غیر متحرک عہدیداروں اور کارکنوں کی بھی نشاندہی ہو گی تا کہ انہیں فعال بنایا جائے یا ان کی جگہ متحرک قیادت سامنے لائی جائے ۔

اس ضمن میں عبدالعلیم خان کی پی ٹی آئی کے لاہور شہر سے امیدواران قومی وصوبائی اسمبلی سے بھی مشاورت جاری ہے جس کے بعد فہرستوں کو حتمی شکل دی جائیگی ۔مزید برآں ویمن ونگ سمیت بعض پارٹی عہدیداروں کے ردوبدل کی بھی توقع کی جا رہی ہے جس کا اعلان چند دنوں میں متوقع ہے پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان ان تمام پارٹی امور پر چیرمین عمران خان کو اعتماد میں لیکر فیصلوں کا جلد علان کریں گے ۔