اقلیتوں کے حوالے سے پاکستان کا امیج بہتر ہو رہا ہے ،صدیق الفاروق،

وزیر اعظم نواز شریف نے مجھے ہندو و سکھ یاتریوں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنے کیلئے مقرر کیا ہے،بھارت سے آنے والے مہمانوں کی سیکورٹی و رہائش سمیت تمام تر انتظامات مکمل ہیں، چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ

جمعہ 26 دسمبر 2014 19:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حوالے سے پاکستان کا امیج بہتر ہو رہا ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے مجھے ہندو و سکھ یاتریوں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنے کیلئے مقرر کیا ہے،بھارت سے آنے والے مہمانوں کی سیکورٹی و رہائش سمیت تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

یہ بات انہوں نے بھارت سے آنے والے چالیس رکنی ہندو یاتریوں کے واہگہ کے راستے پاکستان پہنچنے پر استقبال کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہندوو سکھ یاتریوں کو زیادہ سے زیادہ پیار دینے والا ملک ہے، انسانیت کے ناتے میری یہ خواہش ہے کہ بھارت سے زیادہ سے زیادہ مہمان پاکستان آئیں اور ہم انہیں تمام سہولیات سمیت بہترین مہمان نوازی دیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی اتفاقی رائے قابل فخر بات ہے۔

(جاری ہے)

اب پوری قوم متحدہ ہو کر دہشت گردوں کا سفایہ کرنے کیلئے فو ج کے ساتھ ہے، میں بھارت سے آنیوالے مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور انہیں یہاں تمام تر سہولیات میسر ہونگی۔ بھارت سے آنے والے ہندو یاتریوں کے پارٹی لیڈر یودتھشٹر لال نے کہا کہ ہم بھارت سے پیار اور محبت کا پیغام یہاں لے کر آئیں ہیں ، رابطے بڑھیں گے تو فاصلے ختم ہونگے اور امن بھی قائم ہوگا، انہوں نے کہا کہ محبت یک طرفہ نہیں دو طرفہ ہونی چاہیے،یہاں پہنچنے پر حکومت پاکستان اور صدیق الفاروق کی جانب سے عزت افزائی دینے پرشکر گزار ہوں ہماری دلی خواہش ہے کہ بھارت اورپاکستان کے درمیانی فاصلے ختم ہوں ، ایک دوسرے کے زیادہ سے زیادہ قریب آنے سے دوریاں ختم اور محبتیں بڑھتی ہیں اورہم اپنے گروں کے حضور قیام امن کیلئے دعاء گو ہیں۔

اس موقع پر بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز خالد علی ، ڈپٹی سیکرٹری اظہر نذیر سلہری، پی آر او عامر حسین ہاشمی ، گلریز چوہدری، صدھدام سورج، سات اتام، اشوک، شنکر لال، انوپ ، اظہر شاہ سمیت بورڈ کے افسران اور مقامی رہنماوٴں کی بڑی تعداد موجود تھی، یا د رہے کہ ہندو یاتری شیواوتاری ست گوروسنت سوامی شدارام صاحب کی 306ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں بھارت سے پاکستان آئیں ہیں اور یہاں سے بذریعہ ٹرین کی سپیشل بوگی سے سندھ روانہ ہونگے جہاں وہ شادانی دربار میر پور میتھیلو میں ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے۔