سنجوال کینٹ،حکومت چین کی جیل میں قید میرے خاوند کو رہائی دلائے ،چار بچوں کی ماں کی فریاد

جمعہ 26 دسمبر 2014 18:56

سنجوال کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) پاکستانی حکومت میرے خاوند کو رہائی دلائے، چار بچوں کی ماں کی فریاد۔چار بچوں کا باپ اپنی سزا پوری ہونے کے با وجود چین کی جیل میں بے یار و مدد گار پاکستانی احکام کی توجہ کا منتظر ہے۔2006ء میں اپنے دوستوں کے ساتھ ہانگ کانگ جانے والا زبیر اخترجب چین کے ائیر پورٹ پہنچا تو اس کے بیگ میں سے نشہ آور اشیاء برآمد ہونے پر سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کر لیا تھا۔

وہاں کی عدالت میں اس کے خلاف مقدمہ چلایا گیا جس کے مطابق اس کو سزا دی گئی جو گزشتہ دوسال سے پوری ہونے کے باوجود اس کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی۔زبیر اختر کی اہلیہ مسماة (ش) نے اپنے چار بچوں کے ہمراہ ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت غریب خاند ان سے تعلق رکھتے ہیں اسی وجہ سے کسی بھی جگہ ہماری شنوائی نہیں ہو رہی۔

(جاری ہے)

زبیر اختر کے بیگ میں سے نشہ آور اشیاء جس نے بھی ڈالی ہیں اس کی سزا زبیر نے کاٹ لی ہے تو پھر اس کی رہائی کس وجہ سے التوء کا شکار ہے۔

مسماة (ش) نے بتایا کہ حکومت کو کئی درخواستیں بھیجی ہیں۔ انسانی حقوق کی کئی تنظیموں کو خطوط لکھے گئے تاکہ وہ ہماری مدد کر یں ۔ سماجی رہنما انصار برنی کو بھی متعدد مرتبہ درخواست بھیجی گی لیکن کسی بھی پلیٹ فارم سے توجہ نہیں دی گئی۔آٹھ سالوں سے چار معصوم بچوں کو پالنا اکیلی عورت کے لیے اس معاشرے میں ممکن نہیں لیکن چاروناچار اس اذیت سے گزرنا پڑ رہا ہے۔انھوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، صوبائی وزیر داخلہ کرنل شجاع خانزادہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شو ہر کی واپسی کے لیے چین کی حکومت سے بات کی جائے تاکہ جلد واپسی ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :