موٹروے دھند میں بھی کھلی رہے گی۔ گاڑیوں کو کانوائے کی صورت میں چلایا جائے گا، آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ

جمعہ 26 دسمبر 2014 18:43

موٹروے دھند میں بھی کھلی رہے گی۔ گاڑیوں کو کانوائے کی صورت میں چلایا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے اکثر علاقوں میں دھند کا موسم شروع ہو چکا ہے جس کے باعث لوگوں کو دوران سفر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لیکن موٹروے کسی بھی صورت میں بند نہیں ہوگی اور دھند کی صورت میں بھی موٹروے کھلی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پر دھند کے دوران سفر کرنیوالے شہریوں کی سہولت کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ دھند والے علاقوں میں پیٹرولنگ گاڑیوں کی تعداد زیا دہ کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی مشکل کی صورت میں بروقت مد د دی جا سکے۔ موٹروے پر دھند کی صورت میں مسافر گاڑیوں کو قافلوں (Convoy) کی صورت میں چلایا جائے گاجن کے ساتھ موٹروے پولیس کی پیٹرولنگ موبائلز چلیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہری سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن (130) سے دھند کے متعلق معلومات حاصل کریں اور تمام تر حفاظتی تدابیر مکمل کر کے سفر کے لیے روانہ ہوں ۔ دھند کے موسم میں اپنی گاڑیوں کے سامنے پیلی فوگ لائیٹس اور پیچھے سرخ رنگ کی فوگ لائیٹس ضرور لگا ئیں۔اگلی گاڑی سے عام حالات کی نسبت دوگنا فاصلہ رکھیں، اچانک بریک لگانے سے گریز کریں اور کسی بھی صورت میں اوور ٹیکنگ نہ کریں اور گاڑی کو ہر گز ریورس نہ کریں ۔ گاڑی کی دوسری نشست پر بیٹھا شخص بھی اپنی توجہ روڈ پر مرکوز رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پر کسی گاڑی کو بغیر فوگ لائیٹس کے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :