پارٹی کے دیرینہ رہنماء ڈاکٹر عبدالروف مرحوم کی خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سکندر حیات شیرپاؤ

جمعہ 26 دسمبر 2014 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پارٹی کے دیرینہ رہنماء ڈاکٹر عبدالروف مرحوم کی خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تنگی ضلع چارسدہ میں مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا بمشکل پورا ہو گا کیونکہ مرحوم ایک انتہائی شفیق اور مخلص انسان تھے۔

انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالروف نے مشکل حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ہمیشہ حق و سچائی کا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کا فروغ اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود مرحوم رہنماء کا شیوہ تھا اور انھوں نے اپنی زندگی غریب عوام کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ اس موقع پر مرحوم کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی گئی اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماء فقیر حسین لالا،محمد جان گیگیانی،حاجی فرمان،پیررحمان اللہ،شاہ ایران باچہ،نہایت خان،آصف جان خان،ولی محمد خان اور جاوید حسین خان کے علاوہ ضلعی،تحصیل عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔