فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز کا ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات اور اسلحہ کی اسمگلنگ پرشدید تشویش کا اظہار

جمعہ 26 دسمبر 2014 18:40

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس انڈ سٹری کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فریٹ فارورڈنگ اینڈ لاجسٹکس سروسز کے وائس چیئرمین اور پاک چائنا کلب پاکستان کے صدر جاوید رشید اصغر ارائیں نے ملک بھر میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اسلحہ کی اسمگلنگ پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے جرات مندآنہ موقف اور اقدامات پر کاروباری برادری اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی طرف سے بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اس سلسلے میں سخت ترین اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں افغان ٹریڈ کیلئے انڈین ٹرانسپورٹ کو واھگہ بارڈر تک بھی محدود رکھا جائے اور کسی قسم کے دباؤ میں آکر انہیں اس سے آگے جانے کی اجازت نہ دی جائے بصورت دیگر نہ صرف یہ کہ پاکستان کی گڈز ٹرانسپورٹ انڈسٹری تباہ و برباد ہوجائیگی اور واھگہ پر اشیاء کی لوڈنگ ان لوڈنگ سے وابستہ ہزاروں مزدور بے روزگار ہوجائیں گے بلکہ اس کی آڑمیں انڈین خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹوں کو ملک میں تخریبی کاروائیوں کیلئے بھی سہولت میسر آجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ افغان ٹریڈ کے سلسلے میں طور خم بارڈر سے پاکستان میں داخل ہونے والی افغان ٹرانسپورٹ کو بھی سخت سیکورٹی کلئیرنس کے عمل سے گزارا جائے اور پھر کراچی پورٹ اور واھگہ بارڈر سے کم از کم دس کلو میٹر پہلے خصوصی سیکورٹی چیک اپ پوائنٹس بنائے جائیں تاکہ اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پایا جاسکے۔ ان چیک پوسٹوں سے ان گاڑیوں کے صرف ایک ڈرائیور کو گاڑی کے ہمراہ جانے کی اجازت دی جائے اور باقی عملہ کو ان چیک پوسٹوں پر ہی روک لیا جائے اس سلسلے میں رینجرز اور کوسٹ گارڈز سے اقدامات پر سختی سے عمل کرایا جائے۔

متعلقہ عنوان :