پنجاب میں خراب موسم ، شدید دھنداور کم روشنی کی وجہ سے پچھلے چند روز سے پی آئی اے کی پروازوں کی آمدورفت کا شیڈول متاثر رہا، ترجمان ،

پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑا گیا اور چند پروازیں منسوخ کی گئیں

جمعہ 26 دسمبر 2014 18:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں خراب موسم ، شدید دھنداور کم روشنی کی وجہ سے پچھلے چند روز سے پی آئی اے کی پروازوں کی آمدورفت کا شیڈول متاثر رہا، پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑا گیا اور چند پروازیں منسوخ کی گئیں، جس کی وجہ سے ایئر پورٹس پر رش زیادہ ہو گیا اور مسافروں نے اس پر ناپسندیگی کا اظہار کیا ۔

پی آئی اے انتظامیہ اور سٹاف نے اس غیر معمولی صورتحال کی وجہ سے معزز مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت کی ہے۔چیئر مین پی آئی اے ناصر جعفر نے ایئر پورٹس پر پیدا ہونے والی اس صورتحال کاسختی سے نوٹس لیا ہے اور پی آئی اے کے اعلیٰ افسران کو فوری طور پر ایئر پورٹس پر تعینات کر دیا ہے تا کہ وہ مسافرون کو پیش آنے والی مشکلات میں فوری مدد فراہم کریں اور قومی ایئر لائن کے وقار کو دوبارہ سے بحال کریں۔

(جاری ہے)

چیئر مین پی آئی اے نے آپریشنل ایریاز میں افرادی قوت کی ازسر نو تعیناتی کے احکامات جاری کئے ہیں تا کہ معزز مسافروں کو ان کی خواہشات اور اطمینان کے مطابق سہولیات فراہم کی جا ئیں۔ پی آئی اے نے نامسائد موسمی حالات کے باعث پیش آنے والی صورتحال پر معذرت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہر طرح کے حالات میں مسافروں کو اطمینان بخش سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :