ایس ایچ اوز ، ایڈمن افسروں اورتھانوں میں ایوننگ ڈیلیبریشن کو کلوز سرکٹ کیمروں سے مانیٹرکرنے کے لئے مانیٹرنگ کا پائلٹ پروجیکٹ 10 جنوری سے کام شروع کر دے گا،

کنٹرول سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز کے دفتر میں ہو گا،کیپٹن (ر)محمد امین وینس

جمعہ 26 دسمبر 2014 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء )سی سی پی او کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ ایس ایچ اوز ، ایڈمن افسروں اورتھانوں میں ایوننگ ڈیلیبریشن کو کلوز سرکٹ کیمروں سے مانیٹرکرنے کے لئے مان کا پائلٹ پروجیکٹ 10 جنوری سے کام شروع کر دے گا جس کا کنٹرول سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز کے دفتر میں ہو گا اس سسٹم کی مدد سے تھانوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بہت مدد ملے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں تھانوں میں ویڈیو لنک سسٹم بھی لگایا جائے گا تاکہ سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز اورڈویژنل ایس پیز جب چاہیں کسی بھی تھانے کے ایس ایچ او ، ایڈمن افسر، یا تھانے کے عملے براہ راست بات کر سکیں گے۔

انہوں مزید کہا کہ کسی بھی شریف شہری اورسرکاری جگہ پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت اورفوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور اگر کسی پولیس افسر یا اہلکار کے کسی قبضہ گروپ سے رابطے یا معاونت کی شکایت موصول ہوئی تو ان کے خلاف بھی بلا امتیاز قانونی اور محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ ایڈمن افسروں کو اس حوالے سے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر سے جرائم کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط،کمیونٹی پالیسنگ کے فروغ اور شہریوں کا ہر ممکن تعاون حاصل کرناکامیابی کی ضمانت ہے کیونکہ شہریوں اور پولیس کے تعاون سے ہی معاشرے سے جرائم کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایڈمن افسروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلا س میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ، ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک ، وائس چےئرمین پی ایچ اے افتخار احمد ، ریجنل مینجر موبی لنک کمپنی کے علاوہ ڈویژنل ایس پیز ،ڈی ایس پیز اور ایڈمن افسروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چےئرمین پی ایچ اے افتخار احمد نے کہا کہ جرم اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف جنگ میں اپنی طاقت کو بڑھانے کے لئے شہریوں کو اس جنگ میں اپنے ساتھ شامل کریں پھر دیکھیں آپ کی کامیابی کا گراف کتنی تیزی سے اوپر جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے مختلف پارکوں اور گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام تھانوں کو بھی خوبصورت بنانے اور ان میں پھول اور پودے لگانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر کرے گا۔اجلاس میں موبی لنک کے ریجنل مینجر عبدالہادی نے تمام ایڈمن افسروں کو فری موبی لنک سمز فراہم کرنے اور پولیس افسران اور اہلکاروں کے زیر استعمال سموں پر بلا معاوضہ ٹریکنگ سسٹم مہیا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موبی لنک کمپنی معاشرے سے جرائم کے خاتمے اور جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کے لئے پولیس کی کوششوں میں ان کا ہر ممکن ہاتھ بٹائے گی ۔

اس ٹریکنگ سسٹم سے کسی بھی پولیس افسر اور اہلکار کی لوکیشن کو با آسانی چیک کیا جاسکے گا۔ سی سی پی او نے کہا کہ ایڈمن افسروں کو تھانے میں مسائل کے حل کیلئے آنے والے شہریوں سے اخلاق اور محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھنا چاہیے اور ان مسائل کے حل کے لئے انہیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے خواہ اس کے لئے انہیں مجھ سے ہی بات کیوں نہ کرنی پڑے ۔