ایم ڈی واٹر بورڈ کا ماہ ربیع الاول میں ہنگامی ڈیوٹی انجام دینے والے تمام شعبوں کے افسران و عملے کوڈیوٹی پررہنے کی ہدایت

جمعہ 26 دسمبر 2014 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء)کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سید ہاشم رضا زیدی نے ماہ ربیع الاول کے موقع پر فراہمی ونکاسی آب کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور ہنگامی ڈیوٹی انجام دینے والے تمام شعبوں کے افسران و عملے کوڈیوٹی پر رہنے کا پابند کیاگیا ہے ۔ایم ڈی واٹر بورڈنے کہا ہے کہ جس علاقے سے فراہمی ونکاسی آب کے سلسلے میں کوئی شکایت پیدا ہوئی تو اس کا ذمہ دار متعلقہ چیف انجینئر اور ایگزیکٹو ا نجینئرزکو ٹھہرا یا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے دوران تمام مساجد اور جلوسوں کے راستوں کے اطراف فراہمی ونکاسی آب کے انتظامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔ تا کہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ربیع الاول کے انتظامات کے سلسلے میں منعقد ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ڈی ایم ڈی ٹیکنکل سروسز افتخار احمد ، تمام چیف انجینئر زاور متعلقہ افسران موجود تھے ۔

ایم ڈی واٹر بورڈ نے تما م انجینئرز اور متعلقہ اسٹاف کو ماہ ربیع الاول کے دوران ریڈ الرٹ کرتے ہوئے فراہمی ونکاسی آب کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے تمام چیف انجینئرز سے کہا کہ وہ متعلقہ افسران کو پابند کریں کہ وہ اپنے علاقوں میں رہ کر فراہمی ونکاسی آب کے عمل کی نگرانی کریں اور جلوسوں کے راستوں کے اطراف انتظامات کا از خود جائزہ لیں اور علاقہ معززین سے ملاقات کر کے علاقائی مسائل کو فوری حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے دوران کسی علاقے سے فراہمی ونکاسی آب سے متعلق کوئی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ افسران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام چیف انجینئر جلسوں ، محافل اور جلوسوں کے منتظمین سے رابطہ میں رہیں ۔انہوں نے کہا کہ مساجد ،اور بالخصوص مرکزی جلوس کی گزر گاہوں ایم اے جناح روڈ،بولٹن مارکیٹ ،کھارادار، لائٹ ہاؤس، لیا قت آباد،لانڈھی ، کورنگی ،ملیر ، شاہ فیصل، نیو کراچی، اورنگی اور ان کے اطراف کے علاقوں میں فراہمی ونکاسی آب کی لائنوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ان راستوں پر واقع ایسے مین ہولز جہاں ڈھکن نہیں ہیں انہیں فوری طور پر ڈھانپ دیا جائے تا کہ کوئی حادثہ رونما نہ ہو سکے ۔

ان راستوں پر سیوریج اورفلو یا پانی کی لائنوں سے رساؤ کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیوریج کلیننگ مشینوں اور متعلقہ اسٹاف کو ضروری سامان کے ساتھ مو جود رہنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران اپنے علاقوں کے منتخب نمائندوں کے رابطے میں رہتے ہوئے عوامی شکایات کافوری ازالہ ممکن بنائیں ۔