سندھ ہائی کورٹ نے عرب شہزادوں کے صوبے میں شکار پر پابندی کے حوالے سے حکم امتناع 31دسمبر تک توسیع کردی

جمعہ 26 دسمبر 2014 17:09

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے عرب شہزادوں کے صوبے میں شکار پر پابندی کے حوالے سے حکم امتناع 31دسمبر تک توسیع کردی ۔کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس شوکت علی میمن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چار ممالک کے 16شہزادوں کو شکار کے لائسنس وزارت خارجہ نے جاری کیے تھے اور ان میں سے بعض کو صوبائی حکومت نے بھی پرمٹ جاری کیے ہیں ۔

عرب شہزادوں کو نایاب پرندوں کا مخصوص تعداد میں شکار کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔دوران سماعت درخواست گذار مرید علی شاہ اور عجب علی ہسبانی کے وکیل غلام حیدر شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد شکار کا لائسنس دینا صوبائی حکومت کا اختیار ہے ۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ کو اختیار نہیں کہ وہ صوبے کے معاملے میں مداخلت کرے ۔سندھ ہائی کورٹ 1993اور 1999کے الگ الگ فیصلوں میں نایاب پرندوں کے شکار پر پابندی عائد کرچکی ہے ۔

سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بنچ سکھر نے بھی مذکورہ افراد کے شکار کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے ،جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت استدعا کی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے چند قانونی نکات پیش کرنا چاہتے ہیں ،جس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کا لارجر بنچ ہی کرسکتا ہے ۔چیف جسٹس سے لارجر بنچ کی تشکیل کے لیے استدعا کی جائے گی ۔عدالت نے شکار پر پابندی سے متعلق حکم امتناع پر توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔

متعلقہ عنوان :