بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے صرف پاکستان نہیں چین، ایران اور وسطی ایشیاء کو بھی فائدہ پہنچے گا، ممنون حسین

جمعہ 26 دسمبر 2014 17:04

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں سے صرف پاکستان نہیں چین، ایران اور وسطی ایشیاء کو بھی فائدہ پہنچے گا، بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے،صوبے کی پسماندگی، احساس محرومی کے خاتمے کیلئے جلد اقدامات کئے جائینگے، سانحہ پشاور کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا، بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، کارروائی میں ملوث عناصر کسی کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔

گزشتہ شب کوئٹہ کلب میں کل پاکستان یکجہتی مشاہرہ بیاد شہداء پشاور کے حوالے سے منعقدہ مشاعرے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ 25دسمبر قائد اعظم کی یوم پیدائش کا دن ہے جسے ہمیشہ شایان شان طریقے سے منایا جاتا ہے مگر سانحہ پشاور کے بعدمجھے خوشی ہے کہ یہ دن بچوں کی یاد کیلئے مختص کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ تاریخ کے اثرات ہمیشہ گہرے ہوتے ہیں لوگ آتے چلے جاتے ہیں بات ہمیشہ یاد رہتی ہے اور سانحہ پشاور میں جو بچے شہید ہوئے ہیں ان کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہے گی، انہوں نے کہاکہ جو لوگ بھی ایسی دہشتگردی کی کارروائی میں ملوث ہوتے ہیں وہ کبھی بھی کسی کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ،معصوم بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وہ عظیم قربانی دی ہے جو مدتوں تک یاد رکھی جائیگی انہوں نے کہاکہ میں بلوچستان کے عوام کو اس بات کایقین دلاتا ہوں کہ بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے جلد ایسے اقدامات کئے جائینگے تاکہ صوبہ بلوچستان ترقی کے لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبہ سندھ صوبہ پنجاب میں این ایف سی ایوارڈ میں اپنے فنڈز بھی بلوچستان کو دیئے گئے تاکہ بلوچستان کی پسماندگی کو ختم کیا جائے اور وہ دوسرے صوبے کے برابر آجائیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں اس وقت مختلف منصوبے جاری ہے جس میں گوادر پورٹ سب سے بڑا منصوبہ ہے اس کی تکمیل ہونے کے بعد صرف پاکستان کو نہیں بلکہ چین ایران ،میڈلسٹ ،سینٹر ایشیاء کو براہ راست فائدہ ہوگا انہوں نے کہاکہ اس وقت بلوچستان میں سب سے زیادہ معدنیات پائے جاتے ہیں اگر ان پر کام کیا جائے تو بلوچستان ترقی کے لحاظ سے دوسرے صوبوں کے برابر جلد آجائیگا ۔

مشاعرے میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے شاعروں ،صوبائی وزراء ،میر سرفراز بگٹی ،رحیم زیارتوال ،میر رحمت صالح بلوچ ،نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی ،مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو سمیت قبائلی عمائدین سول سوسائٹی اور اعلیٰ وفوجی حکام نے شرکت کی ۔مشاعرے کے اختتام پر کل پاکستان یکجہتی مشاعرے میں شریک شاعروں اور قبائلی عمائدین اور دیگر افراد کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا ۔