نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا منصوبہ ہے ،چوہدری عبدالمجید

جمعہ 26 دسمبر 2014 16:32

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا منصوبہ ہے اس منصوبہ پر کام کرنے والے انجینئرز اور محنت کش عظیم قومی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ٹنل میں زیر تعمیر دیوار گرنے کے حادثے میں جانی نقصان پر دلی افسوس ہے اور آج یہاں اس لیے بھی آیا ہوں تاکہ متاثرین کے ساتھ ان کے دکھ میں شامل ہوسکوں۔

حکومت آزادکشمیربھی جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کرے گی وہ جمعہ کے روز یہاں نوسیری میں نیلم جہلم ہائیڈل کے جائے حادثے کا دورہ کرنے کے موقع پر منصوبے کے مزدوروں اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ ومنصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر، وزیر اطلاعات زراعت ،امورحیوانات سید بازل علی نقوی بھی موجود تھے جائے حادثہ پر تعمیراتی کمپنی کے نمائندے نے وزیراعظم کو حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حادثہ کام کے دوران پیش آیا جس میں 3مقامی مزدور اور ایک چینی انجینئر جاں بحق ہوئے۔

(جاری ہے)

مرنے والوں کے لواحقین کو 4,4لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا جائے گا جبکہ حادثے کے بعد منصوبے پر کام بلا تعطل جاری ہے اور منصوبہ مقررہ مدت کے اندر ہی میں مکمل کیا جائے گا۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے تعمیراتی کمپنی کے سٹاف اور مزدوروں سے افسوس ناک واقعے پر تعزیت کی اور مرنے والوں کے لواحقین کے لیے حکومت آزادکشمیر کی طرف سے بھی مالی امداد کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی قومی خدمات کو خرج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ وزیراعظم پاکستان کی بھی خواہش تھی کہ میں یہاں اظہار افسوس کے لیے آؤں۔وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی قومی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ نیلم جہلم ہائیڈل منصوبہ پاکستان کے بڑے منصوبوں میں ایک ہے اس منصوبے کی تکمیل سے جہاں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی وہاں اس سے سالانہ اربوں روپے کا ریونیو بھی حاصل ہوگا۔

وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر کے تما م قدرتی وسائل پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے حاضر ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا محور ومرکز ہے ۔پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت جس طرح توانائی کے بحران کا شکار ہے اس صورتحال میں آزادکشمیر کے اندر موجود ہزاروں میگا واٹ پن بجلی کی گنجائش کو استعمال میں لاکر نہ صرف بجلی کی ملکی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے بلکہ اس سے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت درجن سے زائد جاری چھوٹے منصوبے جلد مکمل ہونے والے ہیں ۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزادکشمیر میں پن بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو مکمل سیکورٹی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ نیلم جہلم منصوبے پر کام کرنے والے عظیم قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں جس کو پوری قوم انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم جب نوسیری کی طرف جا رہے تھے تو راستے میں پیپلزپارٹی حلقہ 2کے کارکنوں نے مختلف مقامات پر ان کا بھرپور اور شاندار استقبال کیا اور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی کے حق میں نعرے بازی کی جس پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے گاڑی سے اتر کر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :