سال 2014ء کرکٹ کے لئے خونی ثابت ہوا

جمعہ 26 دسمبر 2014 15:54

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء ) 2014ء کرکٹ کے لئے خونی ثابت ہوا،گیندلگنے سے ایک بیٹسمین اورایک امپائرجاں بحق ہوئے جبکہ کئی بیٹسمین زخمی ہوئے۔2014ء میں مجموعی طور پر گیند لگنے سے2 ہلاکتیں ہوئیں اور7 زخمی ہوئے۔25 نومبر کو سڈنی میں شیفیلڈ شیلڈ کے مقابلے میں بولر شان ایبٹ کا ایک باو?نسر 25 سالہ فلپ ہیوز کے سر پر جا لگا اور وہ کچھ دیر کھڑے ہونے کے بعد منہ کے بل زمین پر گرگئے اور بے ہوش ہوگئے۔

انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ27نومبرکو چل بسے۔29نومبرکوسرائیل میں کرکٹ میچ کے دوران اسرئیل کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور امپائر ہلیل آسکرکو بیٹسمین کی جانب سے لگائی گئی تیزہٹ پر گیند ان کے سینے پرلگی اور وہ اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔

(جاری ہے)

تین کرکٹرز باؤنسر لگنے سے زخمی ہوئے۔ جولائی2014ء میں کریگ کیزویٹر، اگست2014ء میں اسٹورٹ براڈ، نومبر میں احمد شہزاد کا شدید زخمی ہونا اور اور فلپ ہیوز کی موت کے سنگین ترین واقعات نے دنیا بھر کے ہیلمٹ ساز اداروں کی نیندیں حرام کر دیں۔

ابتدائی تینوں کھلاڑیوں نے ہیلمٹ پہن کر کھیلنے کے باوجود سخت چوٹیں کھائیں۔ کریگ کیزویٹر کی آنکھ ضائع ہوتے ہوتے بچی، اسٹورٹ براڈ کی ناک کی ہڈی بری طرح ٹوٹی، احمد شہزاد کی کھوپڑی میں فریکچر ہوا جبکہ ہیوز سر پر چوٹ لگنے کے بعدجاں بحق ہوگئے۔23 دسمبرکورانجی ٹرافی کے میچ میں مہاراشٹرا کے بیٹسمین انکیت باؤنے کو دورانِ بیٹنگ پنجاب کے بولر کا باؤنسر ہیلمٹ پر لگا جس کے بعد وہ مزید بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے۔23 دسمبر کو ہی تیسرے ٹیسٹ سے قبل نیٹ پریکٹس کے دوران آسٹریلیاکے شین واٹسن کے سر پر گیندلگی جس کے بعد وہ پریکٹس چھوڑکر چلے گئے۔

متعلقہ عنوان :