اچھی کارکردگی کے لیے سعید اجمل، محمد حفیظ کی ضرورت ہوگی جن کے کلیئر ہونے کی امید ہے، مصبا ح الحق

جمعہ 26 دسمبر 2014 15:52

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء )قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ مثبت سوچ اور فتح کے جذبے کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے۔ اچھی کارکردگی کے لیے سعید اجمل اور محمد حفیظ کی ضرورت ہوگی جن کے کلیئر ہونے کی امید ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ان دنوں ہیمسٹرنگ انجری سے نجات کے لیے کوشاں ہیں لیکن وہ ورلڈکپ میں سو فیصد فٹنس کے ساتھ شرکت کے لیے پرامید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دو اہم ترین بولرز سعید اجمل اور محمد حفیظ پر آئی سی سی کی جانب سے پابندی عائد ہے اور وہ خود بھی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہیں لیکن وہ اگلے سال آسٹریلیا، نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پورے یقین اور مثبت سوچ کے ساتھ شرکت کریں گے۔ انہیں اپنے دو تجربہ کار بولرز کے کلیئر ہونے کا بھی یقین ہے۔

(جاری ہے)

اکتالیس سالہ مصباح نے ذاتی انجری کے بارے میں کہا کہ انجری مسائل کی وجہ سے ورلڈ کپ کی تیاریاں متاثر ہورہی ہیں۔

وہ اپنی انجری پر پوری توجہ دے رہے ہیں اور فٹنس کے لیے غیر ضروری جلد بازی نہیں کریں گے۔ انہیں پورا یقین ہے کہ وہ میگا ایونٹ سے تین چار ہفتے پہلے مکمل فٹنس حاصل کرلیں گے۔ وہ ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پر اعتماد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میزبان ٹیموں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز میں شکست بڑا دھچکہ ہے لیکن سیریز کے کئی مثبت پہلو بھی ہیں۔

سرفراز احمد کی عمدہ بیٹنگ، حارث سہیل کی آل راوٴنڈ کارکردگی اور ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کی اچھی پرفارمنس مثبت پہلو ہیں۔مصباح الحق پندرہ ٹیسٹ فتوحات کے ساتھ پاکستان کے کامیاب ترین کپتان بن گئے۔ اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ جاوید میانداد اور عمران خان عظیم کھلاڑی ہیں۔ میرا ان سے کوئی موازنہ نہیں۔