میلبورن ٹیسٹ: سمتھ بھارتی بالروں کی راہ میں حائل

جمعہ 26 دسمبر 2014 15:50

میلبورن( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء )آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے کرکٹ میچ میں کپتان سمتھ کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے ہیں۔ میلبورن میں کھیلے جانے والے اس ’باکسنگ ڈے ٹیسٹ‘ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا کو اننگز کے آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر ڈیوڈ وارنر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

انھیں میچ کے دوسرے ہی اوور میں امیش یادو نے کیچ آوٴٹ کروایا۔ابتدائی نقصان کے بعد روجرز اور شین واٹسن نے ٹیم کو سنبھالا اور نصف سنچریاں سکور کیں۔ ان دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 115 رنز کی شراکت قائم کی۔تاہم اس سکور پر پہلے روجرز محمد شامی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوئے اور پھر واٹسن کو ایل بی ڈبلیو کر کے ایشون نے بھارت کو تیسری کامیابی دلوا دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کپتان سٹیون سمتھ میدان میں آئے اور 72 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور کھیل کے اختتام تک کریز پر رہے۔دوسرے اینڈ پر کچھ دیر کے لیے ان کا ساتھ شان مارش اور جے برنز نے دیا لیکن یہ دونوں بالترتیب 32 اور 17 رنز بنا کر شامی اور یادو کی دوسری، دوسری وکٹ بنے۔جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت کریز پر کپتان سمتھ اور بریڈ ہیڈن موجود تھے۔یہ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ ہے اور آسٹریلیا کو اس سیریز میں دو صفر کی سبقت حاصل ہے۔

اس میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے دو، دو تبدیلیاں کی ہیں۔آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر مچل سٹارکل اور مچل مارش کی جگہ جے برنز اور کرس ہیرس یہ میچ کھیل رہے ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے محمد شامی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ روہت شرما کی جگہ ٹیم میں کے ایل راہول کو شامل کیا گیا ہے۔