Live Updates

عمران خان اور خیبرپختونخواہ حکومت کے اعلانات، ڈی پی او ہنگو نے دعووں کی قلعی عملی طورپر کھول دی

جمعہ 26 دسمبر 2014 15:18

پشاور، ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور خیبرپختونخواہ حکومت کادعویٰ ہے کہ صوبے میں پولیس کو غیر سیاسی کردیاہے لیکن ڈی پی او ہنگونے اپنے ماتحت سٹیشن ہاﺅس آفیسر (ایس ایچ او) تھانہ سٹی کی من مانیوں کے سامنے بے بس ہوکر سروس بیلٹ اُتار کر پھینک دی اور چلتے بنے ۔ تفصیلات کے مطابق چند دن قبل پولیس اہلکاروں نے رکن صوبائی اسمبلی شاہ فیصل کو روک لیا اور بدتمیزی کے علاوہ ہاتھاپائی بھی کی جس کے بعد احتجاج شروع ہوگیا اور مظاہرین نے کوہاٹ ہنگوروڈ بلاک کردی ۔

ڈی پی او ہنگو عمر سعید کنڈی نے مذاکرات کے بعد روڈ کھلادی اور اس سلسلے میں ایک جرگہ ہوا جس میں دومقامی اراکین قومی اسمبلی اور عمائدین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

جرگے نے تھانہ سٹی کے ایس ایچ او کیخلاف شکایات کے انبار لگادیئے اور تبادلے کا مطالبہ کیا جس پر ڈی پی او ہنگو نے ٹال مٹول سے کام لیا لیکن بات بڑھنے پر اُنہوں نے اپنی بیلٹ اُتار کر ٹیبل پر پھینک دی اور موقف اپنایاکہ وہ بے اختیار نوکری نہیں کرسکتے ، متعلقہ تھانیدار کو ڈی آئی جی اشتیاق مروت کی پشت پناہی حاصل ہے ، تھانیدار کے اثرورسوخ اور اپنے بے بس ہونے کی وجہ سے وہ اس کاتبادلہ تک کرنے سے قاصر ہیں اور بہترہے کہ ایسی نوکری سے ہی جان چھڑالی جائے ۔

یادرہے کہ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ پولیس مکمل طور پر غیر سیاسی ہے اور تمام کام میرٹ پر ہوتے ہیں لیکن ڈی پی او ہنگو نے سچ بتادیاجبکہ اس سارے واقعے کی ویڈیو فوٹیج بھی نجی ٹی وی چینل پر نشر کردی گئی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :