جاگراں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جیسے منصوبے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں‘سکالرسیما امین

جمعہ 26 دسمبر 2014 15:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء)جاگراں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی طرز کے منصوبہ جات قومی اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،تحقیقی مقالے کے دوران کی جانے والی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاگراں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ۔I کے مکمل ہونے سے لوگوں کی معاشی حالت میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔لوگوں کی آمدنی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آئے۔

ان خیالات کا اظہار سیما امین ایم فل اسکالر نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس کے زیر اہتمام آزاد کشمیر میں پن بجلی کے حوالے سے کی جانے والی تحقیق پر اپنے تحقیقی مقالے کے دفاع کے دوران کیا۔ تحقیقی مقالے کی ڈیفنس کی تقریب میں ڈائریکٹر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس ڈاکٹر سید نثار حسین ہمدانی، ڈاکٹر معراج الحق اور ڈاکٹر عثمان مصطفی سمیت ایم فل اسکالرز ،طلبا و طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کشمیر انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس کی سکالر سیما امین نے اپنے تحقیقی مقالے کا کامیاب دفاع کیا۔تحقیقی مقالے پر پروگرام شروع کرنے سے پہلے ڈاکٹر سید نثار حسین ہمدانی نے پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے فاتحہ خوانی کی اور شہید ہونے والے بچوں کے ورثا ء سے اظہار ہمدردی کی۔مقالے کی ڈیفنس کے دوران اسکالر سیما امین نے مزید بتایا کہ موجودہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی وجہ سے نہ صرف توانائی کے بحران پر قابو پایا گیا بلکہ اس کی بدولت انفراسٹریکچر میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

اس موقع پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے پروفیسر ڈاکٹر عثمان مصطفےٰ نے کہا کہ موجودہ تحقیقاتی مقالہ جو کہ پرائمری ڈیٹا پر مشتمل ہے ، اس میں تحقیق کے بعد کی جانے والی لوکل ریسرچ آزاد کشمیر کی پالیسی سازی میں اہم کردار اد ا کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ علم کے بغیر تحقیق مکمل نہیں ہے۔موجودہ حالات کے تناظر میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ آزاد جموں و کشمیریونیورسٹی اور تحقیقاتی ادارے آزاد کشمیر اور پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کے لئے پن بجلی کے منصوبہ جات کے اوپر تحقیقات کروانے کے لئے طلباء/طالبات کی حوصلہ افزائی کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کو اس طرح کی ریسرچ کے لئے فنڈز مہیا کرے تو بہت جلد توانائی کے بحران کے علاوہ قومی معاشی مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔یاد رہے کہ اس منصوبہ پر تحقیق کشمیر انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں ڈاکٹر سید نثار حسین ہمدانی کی سرکردگی میں مکمل ہوئی اور یہ آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں اپنی نوعیت کا واحد تحقیقاتی مقالہ ہے اور کشمیر انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ڈاکٹر سید نثار حسین ہمدانی کی سربراہی میں ”آزاد کشمیر اکانومی“ کے نام سے باقاعدہ کورس متعارف کروایا۔

کشمیر انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس کے ڈائر یکٹر ڈاکٹر سید نثار حسین ہمدانی نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تحقیق میں مقامی اور قومی سطح کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے صرف کریں۔ پروگرام میں شریک ڈاکٹر معراج الحق ، اسسٹنٹ پروفیسر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ، ڈاکٹر عبدلرؤف گومل یونیورسٹی ،فیکلٹی ممبران، ایم فل/پی ایچ ڈی سکالرز اور ایم ایسی کے طلباء/طالبات نے سیما امین کو ان کی کامیاب تحقیق پر مبارک باد دی۔