حکومت سرمایہ کار ی کے فروغ کیلئے ہنگامی اقدامات کرے‘طاہر کھوکھر

جمعہ 26 دسمبر 2014 14:51

مظفرآباد(این این اائی)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر‘جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھرنے کہا ہے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھا کر غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کیاجاسکتاہے حکومت سرمایہ کار ی کے فروغ کیلئے ہنگامی اقدامات کرے اور پاکستانی سرمایہ کاروں کے علاوہ بیرون ملک مقیم کشمیری تارکین وطن کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے کیلئے مراعات کا پیکج دیا جائے ‘ ون ونڈوآپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کو جملہ سہولیات فراہم کی جائیں اور بیوروکریسی کورکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے سرمایہ کاروں سے تعاون کاپابند کیاجائے۔

میرپور سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہرکھو کھر نے کہاکہ آزادکشمیر کی بیوروکریسی ریاستی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جب تک بیوروکریسی کی اصلاح نہیں کی جاتی عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے اور نہ ہی خطہ سے غربت ‘ جہالت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے نوجوان ‘ تاجر صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں لیکن بدقسمتی سے ریاستی وسائل پرقابل بیوروکریسی ہر عوام دوست پالیسی کی مخالفت کرتی ہے صرف اپنے فائدے اور کمیشن کی خاطر سالانہ اربوں روپے ضائع کئے جاتے ہیں جس کار یاست کوکوئی فائدہ نہیں۔

وہ کئی سالوں سے حکومت سے کہہ رہے ہیں کہ سیاحت ‘ ہائیڈرل پاور جنریشن ‘ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں عوام اور سرمایہ کاروں کو سہولیات دی جائیں اگرچہ سیاسی قیادت نے اس ضمن میں کوششیں بھی کیں لیکن بیوروکریسی نے آمدن دینے والے محکمہ جات کی جائیز ضروریات پوری کرنے سے ہمیشہ انکار کیا جبکہ ایسے محکمہ جات اور شعبے جن کاعوام یا ریاست کو کوئی فائدہ نہیں سالانہ اربوں روپے کا بجٹ دیاجاتا ہے ۔

طاہرکھوکھر نے کہاکہ وزیراعظم صورت حال کا نوٹس لیں اور آزادخطہ میں پراےؤیٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی جائے اور سرمایہ کاروں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے تاکہ نہ صرف ٹیکسز کی مد میں حکومتی آمدن میں اضافہ ہو بلکہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار بھی میسر آ سکے انہوں نے کہاکہ اس وقت ہزاروں نوجوان اعلی ڈگریاں اٹھائے بے روزگار پھر رہے ہیں ‘ آزادکشمیر میں سرکاری ملازمتوں کے بعد پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے روزگار کے دیگر مواقع دستیاب نہیں ہیں او رہر تعلیم یافتہ نوجوان کو سرکاری نوکری فراہم کرنا ممکن نہیں اس لئے ضروری ہے کہ حکومت سیاحت ‘ ٹرانسپورٹ ‘ پن بجلی اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کرے اور سرمایہ کاروں کو راغب کیاجائے انہوں نے کہاکہ اگر سیاحت او رٹرانسپورٹ میں حکومت سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے توچند سالوں میں آزاد خطہ میں روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں اور ریاست خود کفیل ہو جائے گی۔