لاہور ہائیکورٹ نے جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لئے دائر درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو شہریوں کی جانب سے فارم ہاوسز میں رکھے جانے والے جنگلی جانوروں کی انسپکشن کا حکم دے دیا

جمعہ 26 دسمبر 2014 14:42

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے روبرو درخواست گزار فریال گوہر کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ جنگلی جانوروں کو قدرتی ماحول فراہم کرنے کی بجائے گھروں اور فارم ہاوسز کی زینت بنایا جا رہا ہے جو کہ جانوروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جانوروں کے تحفظ کے لئے قائم وائلڈ لائف کمیشن نے قوانین کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کے لئے کوئی اجلاس طلب نہیں کیا۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم کے باوجود سیکرٹری وائلڈ لائف کمیشن اور سیکرٹری کلائمیٹ چینج ڈویژن عدالت میں پیش نہ ہوئے۔جس پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بارہ فروری کو وائلڈ لائف کمیشن کے روبرو اجلاس میں شرکت کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو گھروں اور فارم ہاوس میں رکھے جانے والے جنگلی جانوروں کی انسپکشن کا احکامات صادر کرتے ہوئے عوام کی مدد سے گھروں میں موجود جنگلی جانوروں کا پتہ چلانے کے لئے اخبارات میں اشتہار دینے کے بھی احکامات صادر کر دئیے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔