لاہور ہائیکورٹ نے دنیا بھر کی جیلوں میں قید پاکستانیوںکا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بنیادی اور قانونی حقوق کا تحفظ کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے

جمعہ 26 دسمبر 2014 14:42

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار عاصمہ شفیع کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عرب ممالک کی جیلوں میں کئی پاکستانی اپنی سزائیں مکمل کر چکے ہیں مگر انہیں رہائی نہیں مل رہی۔وزارت خارجہ کے وکیل رضوان احمد نے تفصہلی جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مہلت طلب کر لی۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے اوور سیز پاکستانیز فاونڈیشن کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ فاونڈیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو نوکریاں فراہم کرنے سے متعلق کام کرتی ہے۔جس پر عدالت نے عرب ممالک سمیت دنیا بھر کی جیلوںمیں قید پاکستانیوں کی تفصیلات عدالت میں طلب کر لیں۔عدالت نے وزارت خارجہ کو ہدائت کی ہے کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ دنیا بھر کی جیلوں میں کتنے پاکستانی قید ہیں اور انہیں قانونی تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کر دی،۔