پشاور ، آرمی پبلک سکول پر حملے کا مبینہ سہولت کار کمانڈر صدام آپریشن میں ہلاک،6 ساتھی زخمی حالت میں گرفتار

جمعہ 26 دسمبر 2014 14:40

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء) پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی شہاب علی شاہ نے دعوی کیا ہے کہ پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملے کا مبینہ سہولت کار کمانڈر صدام کو ایک آپریشن میں ہلاک اور اس کے6 ساتھیوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی شہاب علی شاہ نے کہا کہ قبا ئلی رہنما بادشا ہ خا ن پر قاتلا نہ حملے کے بعدسیکیو رٹی فو ر سز اور پو لیٹیکل انتظا میہ نے گزشتہ رات جمرود کے علاقے منڈی میں ایک مشترکہ کارروائی کی جس کے نتیجے میں پشاور میں آرمی پبلک سکول حملے کا مبینہ سہولت کار کمانڈر صدام ہلاک اور اس کے 6 ساتھیوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ان کا ایک اور ساتھی کمانڈر واجد بھی کارروائی میں ہلاک ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ و بارودی مواد برآمد کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔آرمی پبلک سکول حملے میں مبینہ سہولت کار کمانڈر صدام تحریک طالبان گبدڑ گروپ کا آپریشنل کمانڈر تھا اور اس خیبر ایجنسی میں یکم جنوری2013 کو پولیو ٹیم پر حملے کا الزام تھا جس میں خاصہ دار فورس کے 11 اہلکار شہید ہوئے تھے ۔ملزم اغواء برائے تاوان سمیت دیگر متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھا