بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کل عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

جمعہ 26 دسمبر 2014 14:18

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء) سابق وزیراعظم، پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کل ہفتہ کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جائیگی ۔پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام اس دن کی مناسبت سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کے علاوہ سیمینار اور دیگر تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں مقررین محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کیلئے قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔

جبکہ پیپلزپارٹی (ورکرز) بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اپنے طور پر قرآن خوانی اورفاتحہ خوانی کے علاوہ دیگر تقریبات کا انعقاد کرے گی۔بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی سے ہو گا، سب سے بڑا اجتماع گڑھی خدا بخش سندھ میں ہوگا جس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کے علاوہ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت بھی شرکت کرے گی ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے ملک بھر میں ذمہ داروں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے سلسلہ میں تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔پاکستان پیپلزپارٹی ( ورکرز) کے زیر اہتمام بھی ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔صوبائی دارالحکومت میں اس دن کی مناسبت سے پنجاب اسمبلی کے سامنے شمعیں روشن کی جائیں گی جس میں ساجدہ میر ،میاں کاشف فاروق،رائے قیصر ،نعمان چوہدری اورمحمدعلی پاشا سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد شریک ہو گی۔

متعلقہ عنوان :