وزیراطلاعات کی قیادت میں بے نظیر شہید کی بڑی تقریب کل ہل سیری درہ میں منعقد ہوگی

جمعہ 26 دسمبر 2014 14:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء) وزیر اطلاعات ،زراعت ولائیوسٹاک سید بازل علی نقوی کی قیادت میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی ساتویں برسی منانے کی سب سے بڑی تقریب مظفرآباد کے حلقہ دو کے علاقے ہل سیری درہ میں آج27دسمبر کو منعقد ہورہی ہے جہاں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایک بڑے جلسے کا اہتمام بھی کر رکھا ہے۔دومیل سے لیکر ہل سیری درہ تک سڑک کے دونوں اطراف شہید ذوالفقار علی بھٹو ،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصاویر والی پورٹریٹ جگہ جگہ پر لگائے گئے ہیں اور کارکنوں کا جوش وخروش دیدنی ہے۔

وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے جس کے لیے تمام انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی ہے۔جلسہ کے حوالہ سے حلقہ دو کی تمام یونین کونسلوں میں پارٹی کارکن انتہائی متحرک ہیں جگہ جگہ پر پیپلز پارٹی کے سہ رنگے جھنڈے اور قائد کشمیر سید بازل علی نقوی کی تصاویر والی بینر آویزاں کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نیلم پل سے لیکر ہل سیری درہ تک پی وائی او اور پی ایس ایف کے جوشیلے کارکنوں نے سات خیر مقدمی گیٹ بنائے ہیں جہاں پر وہ اپنے محبوب قائد سید بازل علی نقوی کا والہانہ استقبال کریں گے۔

پارٹی قیادت ہل سیری درہ میں اپنے شہید قائدین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرے گی اور اس عزم کا اعادہ کرے گی کہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے افکار اور نظریات کے مطابق عوام کی خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :