ربیع الاول کا مہینہ امن کو فروغ دینے اور نیکیاں کمانے کا مہینہ ہے‘ڈپٹی کمشنر مظفرآباد

جمعہ 26 دسمبر 2014 14:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء)دارالحکومت میں عید میلادالنبیﷺ کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس یہاں ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمن کی صدارت میں ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء حضرات،تاجروں،وکلاء،سول سوسائٹی کے نمائندوں اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمن نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ امن کو فروغ دینے اور نیکیاں کمانے کا مہینہ ہے۔

حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کا بنیادی سبق انسانیت اور امن کا فروغ ہے۔ اسلام نے تمام انسانوں کو حقوق جان ومال کاتحفظ عطا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول کو ہم سب مل کر عید میلاد النبیﷺ منائیں گے۔اس دن کے لیے سارے شہر کو صاف ستھرا کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

چراغاں ہوں گے اور عاشقان رسول ﷺ درود وسلام اور دعائیہ تقریبات منعقد کریں گے۔سیرت کمیٹی کے صدر مولانا سلیم چشتی نے اجلاس کو ربیع الاول کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات کے حوالہ سے آگاہ کیا اور اس سلسلہ میں کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

ایس ایس پی مظفرآباد عرفان مسعود کشفی نے اجلاس کو بتایا کہ عید میلادالنبیﷺ کے حوالے سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔انٹری پوائنٹس سے شناخت کے بعد ہی متعلقہ افراد کو آنے دیا جائیگا۔ سارا دن باوردی پولیس اہلکار ہمہ وقت گشت پر ہوں گے جن کی نگرانی پولیس افسران اور اہل علاقہ مل کر کریں گے۔انہو ں نے کہا کہ عید میلادلنبیﷺ کے مرکزی جلوس اور دیگر علاقوں سے آنے والے جلوس کے شرکاء کی رضا کار اور پولیس اہلکارمل کر جانچ کریں گے۔

مرکزی جلوس کو جانے والے گلیوں کی مکمل نگرانی ہوگی اور ان پر باقاعدہ ناکہ ہوگا۔ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمن نے کہا کہ انتظامیہ عید میلادالنبیﷺ کی تقریبات کے لیے ہر ممکن سہولت دے گی۔ سیرت کمیٹی کے اراکین اور دیگر علماء کرام جو ضابطہ اخلاق مرتب کریں گے ان سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے لیے بہترین موقع ہے کہ دین اسلام کی تعلیمات کو اس کی اصل روح ،قرآنی آیات اور سنت نبیﷺ کے مطابق ساری دنیا پر عام کریں۔ اس موقع پر شہداء سانحہ پشاور کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔