قائد اعظم کی تعلیمات فراموش کرنے کے نتائج سب کے سامنے ہیں ،نیا پاکستان بنانا ہو گا‘عبدالعلیم خان ،

جمہوریت کے نام پر آمریت قائم ہے،بلدیاتی اداروں کی معطلی بہت بڑ ا سوالیہ نشان ہے‘صدر تحریک انصا ف لاہور

جمعرات 25 دسمبر 2014 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء ) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی جدوجہد اور محنت سے عبارت تھی جنہوں نے اسلامی وفلاحی ریاست کے قیا م کیلئے زندگی وقف کر دی ان کی عظیم تعلیمات کو فراموش کرنے کے نتائج سب کے سامنے ہیں کہ بچے ہوئے آدھے پاکستان کو بھی اندرونی اور بیرونی محا ذ پر بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں صحیح معنوں میں انصاف پر مبنی نئے پاکستان کی تشکیل کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی اور تنظیم ،اتحاد اور یقین محکم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا ۔تحریک انصاف لاہور آفس میں یوم قائداعظم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ بد قسمتی سے حکمرانوں نے جمہوریت کے نام پر آمریت قائم کر رکھی ہے اور جمہوریت کی اصل روح کے منافی اقدام کرتے ہوئے گزشتہ 5برسوں سے بلدیاتی اداروں کو معطل کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں بلدیاتی اداروں کی معطلی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے خاندانی اور موروثی اقتدار پر یقین رکھنے والے جمہوری اصولوں کے بالکل الٹ عمل کر رہے ہیں اور مقامی ترقی کے حکومتی اداروں کو مفلوج کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے نئی حلقہ بندیوں سمیت بلدیاتی انتخابات کیلئے کو ئی پیش رفت نہیں ہو ئی موجودہ حکمران تمام اختیارات اور فنڈز پر اپنا قبضہ دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ تحریک انصاف نے قائداعظم کے اصولوں پر عمل درآمد کیلئے صوبہ خیبر پختونخواہ میں عملی اقدامات کیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ یوم قائد اعظم پر ہمیں ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا حصہ ڈالنے کا عزم کرنا ہوگا ۔اس موقع پر جمشید اقبال چیمہ ،شعیب صدیقی ،میاں حامد معراج ،فرخ جاوید مون ،ڈاکٹر زرقا اور ثانیہ کامران نے خطاب کیا اور عمران خان اور تحریک انصاف کے اصولی موقف کی روشنی میں جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔