پاکستان علماء کونسل (آج) یوم امن منائے گی،

دہشت گردی کی مذمت اور سانحہ پشاور کے شہداء و لواحقین سے اظہار یکجہتی کی قراردادیں منظور کی جائیں گی

جمعرات 25 دسمبر 2014 22:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر (آج) جمعہ کو ملک بھر میں سانحہ پشاور کی مذمت اور شہداء اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے ”یوم امن “ منایا جائے گا۔ پاکستان علماء کونسل کے شعبہ وفاق المساجد پاکستان کے تحت 73000 سے زائد مساجد میں دہشت گردی کی مذمت اور سانحہ پشاور کے شہداء اور لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔

پاکستان میں تمام مسالک اور مذاہب کے ماننے والے رہتے ہیں ، کسی کو مسلک ، مذہب ، لسانیت اور صوبائیت کے تعصب کی بنا پر انصاف اور حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قومی مصالحتی کونسل کے زیر اہتمام ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، مولانا ایوب صفدر ، حافظ محمد امجد ، مولانا محمد مشتاق لاہوری ، پادری عموئیل کھو کھر ، سردار بشن سنگھ ، اور دیگر مذاہب اور مسالک کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے ۔ دین اسلام غیر مسلموں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے اور کسی کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی سوچ اور فکر کو دوسروں پر مسلط کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اور اس کی ذیلی تنظیمیں ملک میں امن و امان کے قیام ، بین المسالک اور بین المذاہب مکالمہ کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکڑی جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام ، بین المسالک و بین المذاہب رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے 30 دسمبر کو لاہور میں ہونے والی ”پیغام اسلاف کانفرنس“پیغام عزم نو لے کر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان نے پاکستان میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے اور تمام پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے ۔ پادری عموئیل کھوکھر نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کے لیے پاکستان علماء کونسل جو آواز بلند کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے اور امن کے قیام ، بین المذاہب اور بین المسالک رواداری کے لیے تمام غیر مسلم برادری پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد کے ساتھ ہے ۔

متعلقہ عنوان :