وزیر اعظم، آرمی چیف کے جرات مندانہ فیصلے ملک کو بحران سے نکال رہے ہیں،ایس ایم منیر،

سیاسی قیادت، عدلیہ اور دیگر شراکت دار بھی اس ضمن میں اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس سے عوام پر امیداور کاروباری برادری کا حوصلہ بڑھا ہے،چیئرمین ٹی ڈی اے پی

جمعرات 25 دسمبر 2014 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئر مین اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے فوجی عدالتوں کے قیام اورچیف جسٹس ناصر الملک کی جانب سے دہشت گردی کے مقدمات روزانہ ترجیحی بنیادوں پر سننے کے فیصلے کوخوش آئندقرا ر دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور بری افواج کے سربراہ جنرل راحیل کے مدبرانہ اور جرات مندانہ فیصلے ملک و قوم کو پاکستان کی تاریخ کے بدترین بحران سے نکال رہے ہیں۔

ملک بھر کی سیاسی قیادت، عدلیہ اور دیگر شراکت دار بھی اس ضمن میں اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس سے عوام پر امیداور کاروباری برادری کا حوصلہ بڑھا ہے ۔کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قوم حالت جنگ میں ہے اور مشکل فیصلوں سے وزیر اعظم، جنرل راحیل اور چیف جسٹس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ تجارتی ماحول اور سرمایہ کاروں کے اعتماد پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیرنے کہا کہ امریکہ نے حالات کی نزاکت دیکھتے ہوئے سزائے موت کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے مگر یورپی یونین کو تحفظات ہیں جسے اہمیت دینے کی ضرورت نہیں۔پاکستان اور افغانستان کے مابین سیاسی اور عسکری رابطے بڑھے ہیں جس سے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔موجودہ افغان قیادت کی سوچ مثبت لگتی ہے اور وہ مشترکہ دشمن کے خلاف متحد ہو گئے ہیں۔

اس وقت پوری قوم کی نظریں سیاسی قیادت پر لگی ہوئی ہیں جو ہمت یاکمزوری کا مظاہرہ کرنے والوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔انھوں نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان کی صورتحال بھی جلد از جلد بہتر کی جائے۔ دہشت گردوں کے نظریات کے پرچار پر پابندی اور اشتعال انگیز لیٹریچر پر پابندی کے ساتھ مذہنی ہم آہنگی کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کو اعتماد میں لیا جائے کیونکہ یہ ملک سالمیت، ساکھ، استحکام اور بقاکا معاملہ ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی جلدی کامیابی ہو گی پاکستان اور سارا خطہ اتنی ہی تیزی سے ترقی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :