جمعیت علما پاکستان نے فوجی عدالتوں کی حمایت کردی،

فوجی عدالتوں کے باعث فرقہ وارانہ، طالبانہ دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی‘پیر اعجاز ہاشمی

جمعرات 25 دسمبر 2014 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے دہشت گردی کے خلاف سیاسی اور عسکری قیادت کے اتحاد کو سراہتے ہوئے فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمہوری ملک میں سول عدالتوں کی موجودگی میں فوجی عدالتوں کا قیام اصولی طور پر درست نہیں ، مگر ملک کو دہشت گردی کا جس طرح سے سامنا ہے ۔

اس کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام کا دو سال کیلئے فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے باعث فرقہ وارانہ اور طالبانہ دہشت گردی کے خاتمے میں یقینی طور پر مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ مجرموں کو سزائیں دینا اولین ترجیح ہونا چاہیے۔تاکہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جے یو پی نے ہمیشہ مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کی نرسریاں ختم کی جائیں، چاہے وہ دینی مدرسوں کی صورت میں ہوں یا نجی جہادی لشکر،ان کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔

تاہم انہو ں نے خبردار کیا کہ حکومت پرامن مدارس دینیہ کے خلاف کسی قسم کی کارروائی سے باز رہے، اور جن مدارس کے دہشت گردی کے فروغ میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، بہتر ہوگا کہ حکومت تنظیم وفاق المدارس کو اعتماد میں لے کر کارروائی کرے۔ جبکہ مدارس کو بھی رضا کارانہ طور پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ چاہے وہ کسی بھی مسلک سے تعلق رکھتے ہوں۔

متعلقہ عنوان :