کراچی،یوٹیلیٹی اسٹورزنے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی کردی ،

گھی اورتیل کی قیمتوں میں 6 فیصد تک کمی کی گئی

جمعرات 25 دسمبر 2014 22:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) یوٹیلیٹی اسٹورزنے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی کردی ہے جبکہ گھی اورتیل کی قیمتوں میں 6 فیصد تک کمی کی گئی ہے ، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لئے سبسڈی ختم کیئے جانے کے باوجود قیمتوں میں کمی پر شہریوں کی خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ہے،یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے کرنل باسمتی چاول کی فی کلو قیمت 110 روپے مقرر کی ہے جبکہ یہی چاول اوپن مارکیٹ میں 130 روپے سے 170روپے فی کلو پر فروخت ہورہا ہے اس طرح یوٹیلیٹی اسٹورز پر دال چنا مارکیٹ ریٹ سے تقریباً 10 روپے فی کلو کی کم قیمت پر78 روپے میں دستیاب ہے، دال مونگ کی قیمت اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 13 روپے فی کلو کم ہے حالانکہ اوپن مارکیٹ میں دال مونگ 160 روپے فی کلو پر فروخت کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذرائع کے مطابق دال مسور 2 روپے کمی سے 128 روپے فی کلو اورمختلف اقسام کی گھی کی قیمت میں 8روپے سے 12 روپے کم کئے گئے ہیں جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اقسام کا گھی اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 160 سے 190 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کی جارہی ہے ۔ یوٹیلیٹی میںآ ٹا فائن کی فی کلو قیمت 38 روپے مقرر کی گئی جو اوپن مارکیٹ میں 45 روپے فی کلو ہے اسی طرح ڈھائی نمبر آٹا کی فی کلو قیمت اوپن مارکیٹ سے 5 روپے کم ہے۔

یوٹیلیٹی پر کا لا چنا 68 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جو اوپن مارکیٹ میں 12 روپے کے اضافے سے 80 روپے میں دستیاب ہے۔صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومررائس کونسل کے کوآر ڈینٹر عباس بادامی نے یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے قیمتوں میں حالیہ کمی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام سے صارفین کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اوپن مارکیٹ میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی توقعات کی جارہی ہے لیکن ایسا ممکن نہیں ہوسکا ، کاروباری طبقہ قیمتوں میں اضافے کا جواز تو پیش کردیتا ہے لیکن جن چیز کو بنیاد بناکر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرتا ہے اسی چیز کی قیمت گرنے پر اشائے ضروریہ کی قیمت کو کم کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیتا ہے جو کسی صورت درست نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا میکنزم درست کرے تاکہ صارفین کو فوری ریلیف بھی مل سکے۔

متعلقہ عنوان :