مریدکے،نادرا ملازمین کی سکھاشاہی کے باعث غریب معذور شہری وزیر اعلی کی طرف سے مالی امداد ملنے کے با وجود بنک سے رقم حاصل نہ کر سکا

جمعرات 25 دسمبر 2014 22:13

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) محکمہ نادرا کے ملازمین کی سکھاشاہی کے باعث غریب معذور شہری وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے مالی امداد ملنے کے با وجود بنک سے رقم حاصل نہ کر سکا۔ ایک سال قبل ارجنٹ فیس کے ساتھ قومی شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست دینے والے بزرگ شہری کا خاندان فاقہ کشی کا شکار جبکہ جواں سال بیٹیاں بڑھاپے کی طرف قدم رکھنے لگیں۔

بابا رانا سرور انقلابی کے مطابق وہ ایک حادثہ کے دوران ایک بازو سے محروم ہو چکا ہے جبکہ دل سمیت مختلف امراض کا شکار ہے۔ اس کے دو ذہنی معذور بیٹے اور تین جواں سال بیٹیاں ہیں جنہیں دو وقت کی روٹی کھلانے کے لیے وہ در بدر پھرتا رہتا ہے۔ اخبارات کی خبروں اور تحریری درخواستوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے ایک سال قبل اسے پچاس ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی مگرکمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث وہ آج تک اپنا امدادی چیک کیش نہیں کرا سکا۔

(جاری ہے)

بابا رانا سرور ے مزید بتایا کہ ایک سال قبل ہی اس نے اپنے پرانے قومی شناختی کارڈ کے ساتھ ارجنٹ فیس 1500روپے جمع کرواکر کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے لیے درخواست جمع کرائی مگر آج تک اسے شناختی کارڈ جار ی نہیں کیا گیا جس وجہ سے وہ نہ تو سرکاری مالی امداد حاصل کر سکا ہے اور نہ ہی کسی بھی سرکاری ادارے میں اسے داخل ہونے کی اجازت ملتی ہے۔ ہر شخص اسے پاگل قرار دے کر دھتکار دیتا ہے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے غریب اور معذور پاکستانی کو قومی شناختی کارڈ دلوائیں۔

متعلقہ عنوان :