پشاور میں المناک حملے کے بعد پورے ملک میں دکھ اور غم کی لہر چھائی ہوئی ہے، کمشنر سکھر

جمعرات 25 دسمبر 2014 22:01

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے المناک حملے کے بعد پوری ملک میں دکھ اور غم کی لہر چھائی ہوئی ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ،پولیس تعلیمی اداروں ، تاریخی مقامات اور حساس عمارتوں کی حفاظت کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں ،پاکستان کے خفیہ دشمنوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ قوم ایسے واقعات سے محفوظ رہ سکے تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے جس پر موسم سرما کی تعطیلات کے بعد اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر(SOP ) کے تحت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور قانون پر عمل درآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اس سلسلے میں تمام ضلعوں کے ڈپٹی کمشنرز،ایس ایس پیزSOP پر عمل کرانے کے ذمہ دار ہوں گے ان خیالات کا اظہار کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کوکسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے موسم سرما کی چھٹیوں میں تربیت فراہم کی جائے ڈپٹی کمشنرز،ایس ایس پیزاپنے اپنے اضلاع میں تعلیمی اداروں کے سربراہوں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور سیکیورٹی پلان پر ایس او پی کے تحت عمل کرانے کے لئے تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو پابند کیا جائے اور اسکولوں میں چار دیواری ،خار دار تار ،لائٹنگ اور بیرئیر لگائے جائیں اور حفاظت کے لیے اسکولوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں جبکہ سیکورٹی گارڈ،میٹل ڈیڈیکٹر، سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ محلہ کمیٹیاں فعال کی جائیں تاکہ وہ اردگردکے علاقوں میں غیر متعلقہ افرادکی موجودگی، مشکوک افراداور نئے چہروں کی نشاندہی کے لیے ذمہ دارنہ کردار ادا کرے کمشنرسکھر ڈویژن نے ڈی آئی جی جیل کو ہدایت دی کہ وہ جیل کے ارد گرد رہنے والے افراد کے بارے میں سروے اور انکوائری کرائیں اور ان علاقوں میں نئے افراد کو آباد نہ ہونے دیا جائے کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ خانہ بدوش اور نقل مکانی کرکے آنے والے افراد پر کڑی نظر رکھیں جبکہ سکھر، گھوٹکی، خیرپور کے ڈپٹی کمشنرز،ایس ایس پیز ضلعوں میں داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو موثر کرکے نگرانی پر توجہ دیں اور صنعتی علاقوں میں احتجاج کرنے والوں کے مسائل کو حل کرانے میں اپنا مثبت کردار اداکریں اس سے قبل اجلاس میں پشاور آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اجلاس میں سکھر، خیرپور، گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیزکے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :