لاہور، یوم قائداعظم اور کرسمس پر تعطیل کے باعث تفریحی مقامات اور پارکوں میں مردوزن اور بچوں کا بے پناہ رش

جمعرات 25 دسمبر 2014 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) صوبائی دارالحکومت میں یوم قائداعظم اور کرسمس کے موقع پر سرکاری و غیر سرکاری عام تعطیل ہونے کے باعث شہر کے تفریحی مقامات خصوصاً چڑیا گھر عجائب گھر اور معروف پارکوں میں مردوزن اور بچوں کا بے پناہ رش دیکھنے میں آیا۔ مسیحی برادری اپنے تہوار کے موقع پر گرجا گھروں میں اپنی عبادات سے فارغ ہو کر رنگ برنگے ملبوسات میں چڑیا گھر اور پارکوں میں گھومتے نظر آئے۔

لوگوں کے رش کے باعث گاڑیوں کی پارکنگ کی جگہ کم پڑ جانے کی وجہ سے لوگوں نے اپنی گاڑیاں شاہراہ قائداعظم کے فٹ پاتھ کے قریب کھڑی کیں۔ مسیحی برادری کے تہوار کی مناسبت سے ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈنز اور پولیس اہلکاروں نے بھی بجائے بحث و تکرار انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

دہشتگردی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر چرچوں کی سکیورٹی کے باوجود بچے بڑے مرد عورت نے کرسمس کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا اور بلا خوف و خطر ہر جگہ گھومتے پھرتے نظر آئے۔

اس موقع پر آن لائن نے کئی فیملیز سے بات چیت کی جس پر انہوں نے بتایا کہ کرسمس کا تہوار سال میں ایک مرتبہ آتا ہے۔ موت زندگی تو خداوند کے ہاتھ میں ہے۔ ڈرکر جینے سے بہادری سے مر جانا کہیں بہتر ہے۔ ہم گھروں سے نکل آئے ہیں ہماری حفاظت یسوح مسیح کرے گا ۔