لاہور، یوم قائداعظم اور کرسمس پر سکیورٹی ہائی الرٹ ،

معروف گرجا گھروں کے باہر اضافی نفری تعینات ،راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا

جمعرات 25 دسمبر 2014 21:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) صوبائی دارالحکومت میں یوم قائداعظم اور کرسمس کے موقع پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے شہر کے معروف گرجا گھروں کے باہر اضافی نفری تعینات کرنے کے علاوہ گرجا گھروں کو جانے والے راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں چرچوں میں جانے والوں کی مکمل تلاشی کے بعد ہی انہیں اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

سکیورٹی کے حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے آن لائن سے گفتگو کے دوران کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور پولیس سمیت تمام فورس شہریوں پر اپنی جان نچھاور کرنے کے عزم میں معمور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم قائداعظم اور کرسمس کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کو سخت کرنے کا سبب سانحہ پشاور کے نتیجہ میں سکول کے معصوم طالب علموں اور اساتذہ کی شہادتوں کے بعد پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور دہشتگردوں کے خلاف کی جانیوالی تیز ترین کارروائیوں نے دہشتگردوں کی صفوں میں کھلبلی مچا دی ہے اور ان سے کچھ بھی توقع کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس ہر طرح کے ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت اور عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی اپنی ڈویژن کی سکیورٹی کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا وہ خود بھی شہر کی سکیورٹی کو چیک کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی راستوں پر سی ٹی وی کیمروں پر میٹل ڈیٹکٹر کے ساتھ چیکنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معمولی شک گزرنے پر سواریوں کو گاڑیوں سے اتر کر مکمل چیکنگ کے بعد بس داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پر مامور تمام افسران و اہککاران کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ ایسے افسر و اہلکاران جو سکیورٹی کے معاملے میں غفلت یا لاپرواہی کے مرتکب پائے گئے ان کے خلاف سخت محکمانہ اور تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :