لاہور،تحریک منہاج القرآن کی 31ویں سالانہ اور دنیائے اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس 11اور 12ربیع الاول کی شب ہو گی

جمعرات 25 دسمبر 2014 21:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) تحریک منہاج القرآن کی 31ویں سالانہ اور دنیائے اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس حسب روایت 11اور 12ربیع الاول کی شب 3جنوری 2015ء بروز ہفتہ کو مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں ہی ہو گی۔کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔31ویں عالمی سالانہ میلاد کانفرنس میں شہر لاہور سے لاکھوں عشاقان مصطفی ﷺ (مرد و خواتین)شرکت کر کے نبی کریم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے اور دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ ولادت مصطفی ﷺ سے بڑھ کر دنیا میں کوئی خوشی نہیں ہے ۔

عالمی میلاد کانفرنس سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے۔ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے اور تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی ﷺ کے فروغ کیلئے دنیا بھر میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری دنیا میں امن کے سفیر کے طور جانے جاتے ہیں ۔حضور اکرم ﷺ کی محبت آپ ﷺ کے میلاد کا شایان شان طریقے سے تذکرہ ایمان کا حصہ ہے اور تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز ہے ،عشق رسول ﷺ کے ذریعے امت مسلمہ کی عظمت و کامیابی ،جان و مال کا تحفظ اور امن و سلامتی ممکن ہے ۔

اسی سے دہشت گردی و قتل غارت گری کا خاتمہ ہو گا اور مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا ۔لاہور میں بڑے بڑے ہورڈنگز اور بینرز لگانا شروع کر دئیے گئے ہیں ۔ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کیلئے مرکزی سطح پر 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔ عالمی میلاد کانفرنس 2015 کے سربراہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی ہونگے ۔ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے مرکزی سیکرٹریٹ میں انتظامی کمیٹیوں کے عہدیدداران اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سلطان محمود چودھری ،طارق الطاف ،حاجی اختر ،راجہ ندیم ،حاجی عبد الخالق ،ثناء اللہ خان ،حاجی حنیف ،ساجد اصغر، الطاف رندھاوا،عثمان حیدر، ڈاکٹر اقبال نور و دیگر بھی موجود تھے ۔حافظ غلام فرید نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں شدید سردی کے باوجود لاکھوں مرد و خواتین شریک ہوں گے ۔خواتین کیلئے الگ باپردہ پنڈال بنایا جائے گا ۔

علماء و مشائخ عظام ،نعت خوان اور قرآء حضرات خصوصی طور پر شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس میں مقتدر مذہبی ،سیاسی و سماجی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔اس موقع پرگوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پورے سال میں پڑا جانیوالا اربوں درود پاک حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں پیش کیا جائے گا ۔مینار پاکستان کے وسیع پنڈال میں دیو ہیکل LEDسکرینز بھی لگائی جائینگی تاکہ دور دور تک بیٹھے لاکھوں لوگ سٹیج کی کارروائی کو قریب سے دیکھ سکیں ۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی میلاد کانفرنس میں شریک ہر خاص و عام کیلئے ضیافت میلاد بھی ہو گی ۔میلاد کانفرنس کی سیکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے پانچ ہزار نوجوان پنڈال میں مختلف جگہوں پر موجود ہوں گے ۔حافظ غلام فرید نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کو ئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔انہوں نے پوری قوم کو پیغام دیا کہ ہر گھر کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں،تیل کے دیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے ۔

گھروں میں بچوں کے ہمراہ میلاد مصطفی ﷺ کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں اور ان بابرکت محافل میں شہدائے پشاور و ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے مقاصد میں سب سے بڑا مقصد حضور ﷺ کی ذات کے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے کیونکہ ذات مصطفی ﷺ سے محبت کرنے کے بعد انکی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی تحریک ملتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے سکونی،بے چینی اور اضطراب سے نجات کا ذریعہ میلاد النبی ﷺ کی محافل کا انعقاد ہے ۔عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور ﷺ کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے ۔حضور ﷺ سے محبت تنگ نظری،انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہے اور تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں ان رویوں کے خاتمے کیلئے برسر پیکار ہے ۔

متعلقہ عنوان :