مہمند ایجنسی، بابائے قوم یوم ولادت :غلنئی ہیڈ کوارٹر میں پرچم کشائی تقریب کا انعقاد

جمعرات 25 دسمبر 2014 21:02

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء)مہمند ایجنسی، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے مناسبت سے غلنئی ہیڈ کوارٹر میں پرچم کشائی اور قومی جھنڈے کو سلامی کی خصوصی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ جسمیں پولیٹیکل انتظامیہ کے اعلیٰ حکام پی اے مہمند عبدالحمید جان، اے پی اے ہیڈ کوارٹر ذیشان عبداللہ، اے پی اے لوئر مہمند ساجد نواز، امن کمیٹی کے سربراہ محمد علی حلیمزئی اور دیگر قبائلی مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز پی اے مہمند نے پرچم کشائی سے کی اور لیویز اہلکاروں نے قومی جھنڈے کو سلامی پیش کی۔ منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرکردہ قومی مشران اور امن کمیٹی کے سربراہ محمد علی حلیمزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام نے پاکستان کی آزادی کے ساتھ ساتھ ملک کی دفاع کیلئے ہمیشہ جان اور مال کی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نازک صورت حال میں قبائل سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ رہے ہیں۔ ملک محمد علی حلیمزئی نے آپریشن ضرب غضب کا دائرہ پورے ملک تک بڑھانے کا مطالبہ کیااور قومی جھنڈے کو سلامی پیش کرنے والے لیوی اہلکاروں کیلئے 10 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔