مہمند پریس کلب مہمند ایجنسی انتخابات،

سال 2015 ء کیلئے صدر شاکر اللہ اور جنرل سیکرٹری ضیاء اللہ کابینہ سمیت بلا مقابلہ منتخب

جمعرات 25 دسمبر 2014 20:54

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء)مہمند پریس کلب مہمند ایجنسی انتخابات۔سال 2015 ء کیلئے صدر شاکر اللہ اور جنرل سیکرٹری ضیاء اللہ کابینہ سمیت بلا مقابلہ منتخب۔ مہمند ایجنسی کے صحافی مثبت کردار ادا کر کے عظیم خدمت کر رہے ہیں۔ متوازن، مثبت اور غیر جانبداری کے ساتھ ذمہ دارانہ رپورٹنگ قومی مفاد میں ہیں۔ الیکشن کمیٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ذیشان عبداللہ اور ٹی یو جے صدر ناصر مہمند کا خطاب۔

تفصیلات کے مطابق حسب سابق مہمند پریس کلب کے سالانہ انتخابات کیلئے جنرل باڈی اجلاس کی مقرر کردہ الیکشن کمیٹی برائے انتخابات 2015 ء کمیٹی ممبران شاہنواز، انفارمیشن آفیسر محمد جمیل، نور محمد مہمند اوبشیر خان نے مقررہ تاریخ 25 دسمبر کو مہمند پریس کلب میں انتخابی نتائج کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جس کے ختمی نتائج کے مطابق ویلفیئر جرنلسٹ پینل کے صدارتی اُمیدوار شاکر اللہ مہمند، جنرل سیکرٹری ضیاء اللہ، سینئر نائب صدر لیاقت علی، نائب صدر کفایت اللہ مہمند، فنانس سیکرٹری اورنگزیب بابر اور آفس سیکرٹری عمران خان بلا مقابلہ منتخب قرار دیکر اُن کی کامیابی کا اعلان کیا۔

منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ذیشان عبداللہ، ٹی یو جے فاٹا کے صدر ناصر مہمند، گل محمد مہمند اور نو منتخب صدر شاکر اللہ نے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کی یکجہتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل کا اظہار کیا جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی اے پی اے اپر مہمند ذیشان عبداللہ نے مشکل دور اور نازک ترین دور میں فاٹا بالخصوص مہمند ایجنسی کے صحافیوں کی اصلاحانہ رپورٹنگ اور حق و سچ کی راہ میں جانی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا اپنا احتساب کا طریقہ کار اپنانا اُ ن کے کردار اور مثبت طرز عمل کی دلیل ہے۔ انہوں نے مہمند پریس کلب کو درپیش فوری ضروریات پوری کرنے کا اعلان کیا اور صحافیوں کے ویلفیئر فنڈ کو بھی آگے بڑھانے کے عظم کا اظہار کیا۔