وزیراعظم نے پاکستان (ن) لیگ کے ناراض اراکین کے تحفظات بارے تفصیلات طلب کرلیں

جمعرات 25 دسمبر 2014 20:48

وزیراعظم نے پاکستان (ن) لیگ کے ناراض اراکین کے تحفظات بارے تفصیلات طلب ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض اراکین اور ان کے تحفظات کے حوالے سے تفصیلات طلب کرلی ہیں جبکہ پارٹی کو فعال بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کیلئے مختلف ناموں پر غور شروع کردیا ہے ، اہم حکومتی ذرائع کے مطابق میاں محمدنواز شریف دہشتگردی کیخلاف دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانے اور پارٹی کو فعال کرنے کیلئے بھی متحرک ہوچکے ہیں ۔

اس حوالے سے انہوں نے نئی سیاسی حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے متعلق پارٹی کی مرکزی قیادت سے باہمی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا ۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف جنوری کے پہلے ہفتے میں پارٹی کا اہم اجلاس طلب کرینگے جس میں سب سے اہم نقطہ پارٹی کے وہ اراکین جو کسی اختلافات کی وجہ سے ناراض ہیں اوردیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں کے تحفظات کا تفصیلی جائزہ لینا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف تجاویز کا بھی بغور جائزہ لیا جائے گا اور ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو پارٹی کے ناراض اراکین کو منانے کا کام کرے گی ۔ اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی متوقع سیاسی مخالفت کے پیش نظر نئی میڈیا پالیسی بھی ترتیب دی جائے گی ۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے ناراض اراکین سے رابطے کا عمل شروع کردیا ہے اور ان کے تحفظات دور کئے جارہے ہیں جو آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم کو پیش کردیئے جائینگے

متعلقہ عنوان :