عوامی ،سیاسی سماجی اور تجارتی حلقوں کی جانب سے وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کا خیرمقدم،

وزیر اعظم کا خطاب قومی امنگوں کی ترجمانی تھا، قوم اب دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن اقدامات چاہتی ہے،امتیازشیخ، ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ناپاک سازشیں کرنے والے دہشتگردوں کیخلاف ضرب عضب آپریشن اور حکومتی کوششیں قابل ستائش ہیں،عامرمٹو

جمعرات 25 دسمبر 2014 20:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) سیاسی،سماجی ،تجارتی حلقوں اور شہریوں نے وزیر اعظم محمدنواز شریف کے قوم سے خطاب اور اسپیشل ٹرائل کورٹس سمیت انسداد دہشت گردی کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات اور ان پر سیاسی قومی اتفاق رائے کا خیرمقدم کیا ہے، ان حلقوں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم متحد ہے۔

اس ضمن میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی رہنما اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی امتیازشیخ نے کہا کہ وزیر اعظم کا خطاب قومی امنگوں کی ترجمانی تھا، قوم اب دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن اقدامات چاہتی ہے، عوام حکومت کے فیصلوں میں ساتھ ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے سینئررہنما علی اکبرگجر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں، اب وقت برباد کئے بغیر اہم فیصلے کرنے کا وقت ہے انہوں نے ایک مخصوص مدت کے لئے خصوصی کورٹس کے قیام کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب کسی ہچکچاہٹ یا تاخیر کے بغیر مشکل فیصلے کرنا ہونگے، ہیومن رائٹس کے رہنماء فہد صدیقی نے دہشت گردی کو ختم کرنے اور پاکستان میں امن کو فروغ دینے کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اور عوام نے جنگ جیت لیں گے موجودہ حکومت دہشت گردوں کو ختم کرنے میں کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے ملک میں خصوصی ٹرائل عدالتیں قائم کرنے کے فیصلے کی حمایت کی۔ معروف تاجررہنماجاویدارسلاخان نے کہا ہے کہ تاجر برادری حکومت اور سیاسی قیادت کی جانب سے انتہا پسندی کے مسئلے سے نمٹنے پر مسلح افواج کے ساتھ ہے، انہوں نے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے جرات مندانہ موقف کو سراہا اور تعریف کرتے کہا کہ موجودہ حکومت انتہا پسندی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ ممتاز سماجی رہنماء عامرخان مٹو نے کہا ہے کہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ناپاک سازشیں اور کوششیں کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف ضرب عضب آپریشن اور حکومتی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

متعلقہ عنوان :