5 ویں عامر کیبلز T-20 ویٹرن کرکٹ چمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی ،

سابق چمپئن لاہور وائٹس سٹیگ نے گولڈن ایگلز کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ٹرافی جیت لی

جمعرات 25 دسمبر 2014 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء ) عامر کیبلز کے زیر اہتمام 5 ویں عامر کیبلز T-20 ویٹرن کرکٹ چمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ سابق چمپئن لاہور وائٹس سٹیگ نے گولڈن ایگلز کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ٹرافی جیت لی ۔ ٹورنامنٹ میں 14 ٹیموں نے شرکت کی۔ لاہور وائٹس سٹیگ اور گولڈن ایگلز نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ شاہ فیصل کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے فائنل میچ میں لاہور وائٹس سٹیگ کے کپتان ظہور الٰہی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

گولڈن ایگلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے۔ محمد حفیظ نے 21، ندیم فاروقی 12 اور بلال احمد نے 17 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ لاہور وائٹس سٹیگ کی طرف سے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے شہزاد بٹ نے 4/13، اداکار شان شاہد 2/25، ریحان رؤف 2/26 اور مسرور حسین نے 1/21 وکٹ حاصل کیں۔

(جاری ہے)

جواب میں لاہور وائٹس سٹیگ نے 18.2 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کر لیا۔

ظہور الٰہی نے 46 اور مسرور حسین نے 28 رنز بنائے۔ گولڈن ایگلز کی طرف سے محمد حفیظ نے 2/13، رؤف وائیں 2/16 اور تجمل چوہدری نے 1/24 وکٹ حاصل کیں۔ قیصر وحید ، پروفیسر ناصر حسین ایمپائر ولید یعقوب TVایمپائر جبکہ عبدالحمید سکورر تھے۔ اختتام تقریب کے موقع پر اداکار کاشف محمود نے ٹورنامنٹ کے اغراض مقاصد بیان کیے۔ اس موقع پر صدر ایل آر سی اے خواجہ ندیم احمد نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جیتنے والی ٹیم کے کپتان کو وِنر ٹرافی اور 50,000/- روپے ، دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو رنر اَپ ٹرافی اور 25,000/- روپے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی محمد حفیظ کو شیلڈ کے ساتھ 7500/- روپے، مسرور حسین بہترین بلے باز ، رضا جعفری بہترین باؤلر ، عمران بشیر بہترین وکٹ کیپر، سرور بھٹی بہترین فِلڈر قرار پائے اور انہیں شیلڈ کے ساتھ 5/5 ہزار روپے کیش ایوارڈ دیئے گئے۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پاکستان ویٹرن کرکٹ ایسوسی ایشن نواب عاشق حسین قریشی سی ای او عامر کیبلز عامر الیاس بٹ، ایزد حسین سید ، محمدسلمان خان، حماد مقبول، محسن آفتاب قرشی، سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم سلیم ملک ، عمران بچہ، ڈائریکٹر عامر کیبلز احسن عامر بٹ، انٹر نیشنل اور نیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے فائنل میچ دیکھا۔

متعلقہ عنوان :