سب کو دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کے لئے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا‘ گورنر پنجاب،

سانحہ پشاور سے نہ صرف پاکستانی افسردہ ہیں،پوری دنیا نے ہر سطح اور مقام پر اس واقعہ کی مذمت کی ‘ چوہدری سرو ر

جمعرات 25 دسمبر 2014 18:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور ملکی تاریخ کا ایک بہت بڑا سانحہ ہے جس پر نہ صرف پاکستانی عوام افسردہ ہے بلکہ پوری دنیا نے ہر سطح اور مقام پر اس واقعہ کی پُر زور مذمت کی ہے۔گورنر پنجاب سے گورنر ہاؤس لاہور میں کرسچن کمیونٹی کے وفد نے ڈائریکٹر انسانی حقوق وائس آف کرسچنز انٹر نیشنل سموائیل پیارا کی قیادت میں ملاقات کی۔

اس موقع پر سانحہ پشاور کے شہداء کے لئے2 منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ اس سانحہ میں معصوم بچوں کو جس بیدردی کے سا تھ دہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا گیا اس پر پاکستان میں بسنے والے ہر کمیونٹی کے لوگوں کے دل رنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب یا معاشرہ معصوم شہریوں اور بچوں کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ گورنر نے کہا کہ ہم سب کو دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر کرسچن کمیونٹی کے وفد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ کرسچن کمیونٹی سانحہ پشاور کی بھر پور انداز میں مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی اس بار کرسمس کا تہوار نہایت سادگی کے ساتھ منا رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :