بلاول بھٹو ،آصف زرداری کے درمیان اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،وزیر اعلیٰ سندھ ،

کیسوں کی سماعت ملتوی ہونے سے دہشت گرد جیلوں میں مزے کرتے ہیں، جلدسماعت سے دہشت گردی میں کمی آئیگی، مخدوم امین فہیم پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر ہیں ،چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں ،قائم علی شاہ کی گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے بات چیت

جمعرات 25 دسمبر 2014 18:51

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اورآصف زرداری کے درمیان اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ کیسوں کی سماعت ملتوی ہونے سے دہشت گرد جیلوں میں مزے کرتے ہیں ،کیسوں کی سماعت جلدی ہونے سے دہشت گردی میں کمی آئے گی ۔وہ گڑھی خدا بخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ججز کو سیکورٹی دے کر کیسز کی سماعت جلد کروائی جائے گی ۔کیسوں کی سماعت جلد ہونے سے دہشت گردی میں کمی آسکتی ہے ۔پارٹی بنیادوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

مخالفین ایسے ہی افواہیں پھیلارہے ہیں ۔

قائم علی شاہ سے جلسے میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی شرکت کے حوالے سے جب سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ دونوں میں سے کسی ایک کے شرکت کا امکان ہے۔مخدوم امین فہیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر ہیں ۔چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی سیاست غریب عوام کے لیے تھی ۔پیپلزپارٹی کی موجودہ سندھ حکومت محترمہ کے وژن پر کام کرتے ہوئے غریبوں کو روٹی کپڑا اور مکان فراہم کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ ضرورہوگا ۔جلسے سے مرکزی قائدین خطاب کریں گے ۔