پشاور، وزیر خوراک الحاج قلندر خان لودھی کی زیر صدارت محکمہ خوراک ورکنگ گروپ کا اجلاس

جمعرات 25 دسمبر 2014 18:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک الحاج قلندر خان لودھی کی زیر صدارت محکمہ خوراک کے ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبے میں موجود گندم کے سٹاک پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت صوبے کے پاس گوداموں میں تقریباً 2لاکھ 30ہزار ٹن گندم موجود ہے اور صوبہ روزانہ کی بنیاد پر فلور ملوں کو 3ہزار ٹن گندم فراہم کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبے میں آٹے کی قیمتیں 760روپے سے 800روپے فی 20کلو ہے جو کہ پچھلے سال سے کافی کم ہے۔کمیٹی کو آگاہ کیا کہ کہ محکمے نے گندم کی خریداری کے سلسلے میں اپنے ہی فنڈز کا زیادہ سے زیادہ استعمال کر کے بینک سے قرضوں پر انحصار کم کیا ہے جس کی وجہ سے بینک کو دینے والی سود کی رقم میں بھی خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔ورکنگ گروپ کے اراکین نے محکمے کے بہتر انتظام و انصرام پر صوبائی وزیر خوراک اور محکمے کے معتمد اور دیگر اہلکاروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔اجلاس میں فلور ملوں کیلئے خرید کوٹہ بڑھانے اور اگلے سال کیلئے خریداری کے انتظامات پر بھی تفصیلی بحث کی گئی۔

متعلقہ عنوان :