گوجرانوالہ تاجر اتحاد نے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے پاک افواج کے شانہ بشانہ ہر قسم کی قربانی دینے کا اعلان کر دیا

جمعرات 25 دسمبر 2014 17:48

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء)گوجرانوالہ تاجر اتحاد نے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے پاک افواج کے شانہ بشانہ ہر قسم کی قربانی دینے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کے ساتھ ظلم و بربریت کی دل دہلا دینے والی بدترین دہشت گردی نے پوری دنیا کو سوگوار کر دیا ہے۔ ڈیڑھ سو کے قریب ماؤں کی گود اجاڑنے والے درندوں اور بھیڑیا نما انسانوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا ۔

ان خیالات کا اظہار گوجرانوالہ تاجر اتحاد کے ہنگامی تعزیتی اجلاس میں تاجرراہنماؤں حاجی غلام حسین جج، نیئر منظور ، ثناء الحق ، ملک عبدالخالق ، چوہدری زاہد اکبر ، صابر علی ایوبی ، اظہر جاوید بھٹہ ، علی احمد لون، محمد انیس میر، عثمان بٹ، ڈاکٹر محمد ارشد بلال، محمد عاشق عاصی ایڈووکیٹ،چوہدی عبدالماجد ایڈووکیٹ، محمد افضل بھٹی، عابد جاوید پنساری ، مبشر رحمان بھٹی، محمد رمضان ، بابو حسان ، محمد سعید، حکیم محمد جمیل عاصی ، خرم اسلم، ملک محمد نسیم، اخلاق ہیرا، سفارش علی باجوہ، محمد انیس میر، خالد محمود بٹ (چینی پہلوان) اور محمد اصغر مٹھونے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معصوم شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ننھے فرشتوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ تاجر راہنماؤں نے سانحہ پشاور کی دہشت گردی کو سیاہ ترین باب قرار دیا اور اس اندوہناک واردات کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کمسن طالبعلموں پر حملہ پاکستان کے مستقبل پر حملہ ہے۔ اس گھناؤنی سازش میں ملوث ظالم اور سفاک دہشت گردوں کو جلد از جلد بے نقاب کیا جائے اور فوری طور پر پھانسیاں دے کر چوراہوں میں لٹکا کر نشان عبرت بنایا جائے ، تا کہ آئندہ کسی کو معمار قوم پر اس طرح کے سفاکانہ حملے کرنے کی جرات نہ ہو۔

آخر میں تاجر برادری نے پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور اس بات کا عزم کیا گیا کہ ملک و قوم کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

"گوجرانوالہ تاجرا تحاد "کے اجلاس میں سانحہ پشاور کے معصوم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاک فوج سے یکجہتی کا عہد کیا جا رہا ہے۔